جھوٹے الزامات پر معذرت خواہی کا مطالبہ بصورت دیگر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ڈپٹی فلور لیڈر ٹی ہریش راؤ نے کانگریس کے ایم ایل سی اے دیاکر اور ٹی پی سی سی میڈیا کمیٹی کے صدر نشین سما رام موہن کے خلاف اپنی ساکھ اور شخصیت کو نقصان پہونچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے لیگل نوٹس روانہ کی ہے ۔ یہ تنازعہ اس وقت پیدا ہوا جب کانگریس کے قائدین نے دعویٰ کیا تھا کہ ہریش راؤ نے ریاست میں بارشوں کو روکنے اور خشک سالی پیدا کرنے کی نیت سے مندروں میں جاکر ’ درگاپوجا ‘ اور تانترک رسمیں انجام دی ہیں ۔ ہریش راؤ نے ان الزامات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم عقیدت اور مذہبی روایات کے ساتھ مندر جاتے ہیں تو بھی کانگریس کے قائدین اپنی تنگ نظری کا ثبوت دیتے ہوئے اسے توڑ مروڑ کر اپنے ذاتی مفادات کے لیے استعمال کررہے ہیں ۔ ایسے بے بنیاد تبصروں سے کروڑوں عقیدت مندوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہونچی ہے ۔ سابق وزیر نے کہا کہ کانگریس حکومت اپنے انتخابی وعدوں کو عملی جامہ پہنانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔ جب بی آر ایس کے قائدین عوام کے حقیقی مسائل کسانوں کے حقوق اور حکومت کی ناکامیوں پر سوال اٹھاتے ہیں تو کانگریس کے قائدین جواب دینے کے بجائے بی آر ایس قائدین کی شخصیت پر حملہ کرنے کی گھناونی سیاست پر اتر آتے ہیں ۔ ہریش راؤ نے اپنے لیگل نوٹس میں کانگریس کے قائدین اے دیاکر اور ایس رام موہن سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے خلاف لگائے گئے جھوٹے الزامات پر پریس کانفرنس کے ذریعہ غیر مشروط معذرت خواہی کریں ۔ سوشیل میڈیا ویب سائٹس ، پریس آرکائیوز اور تمام ڈیجیٹل و پرنٹ پلیٹ فارمس سے ان کی شخصیت کو نقصان پہونچانے والی ویڈیوز اور پوسٹس کو فوری طور پر ہٹایا جائے اگر مقررہ وقت کے اندر معافی نہ مانگی گئی اور مواد ڈیلیٹ نہ کیا گیا تو وہ عدالت کا دروازہ کھٹکٹھائیں گے اور دونوں قائدین کے خلاف فوجداری اور ہتک عزت کے مقدمات درج کروائیں گے ۔۔ 2/a/b