ہر ضلع میں روزانہ صرف 30 ٹسٹ کا فیصلہ

   

حکومت کے زبانی احکام ، مریضوں کی تعداد پر قابو پانے کی کوشش
حیدرآباد۔/13 جون، ( سیاست نیوز) ایسے وقت جبکہ تلنگانہ میں کورونا کیسوں میں اضافہ ہوا ہے اور ہائی کورٹ کے علاوہ اپوزیشن کی جانب سے ٹسٹ کی تعداد میں اضافہ پر زور دیا جارہاہے حکومت نے ایک متنازعہ فیصلہ کی تیاری کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ صحت کو حکومت نے روزانہ گریٹر حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں صرف 30 معائنے کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اعلیٰ ذرائع کے حوالے سے میڈیا گوشوں میں یہ خبر شائع ہوئی کہ حکومت نے حکام کو روزانہ صرف 30 کورونا ٹسٹ کرنے پابند کیا ہے۔ کیسس میں دن بدن اضافہ کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ کورونا مریضوں کے بوجھ کو سرکاری دواخانوں میں کم کیا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکام کو زبانی طور پر دو دن قبل یہ ہدایت دی گئی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے کسی علاقہ میں اگر نمونے حاصل کئے گئے تو اسے ایک یونٹ تصور کیا جائیگا۔ اسی طرح ٹاؤن میں کورونا ٹسٹ سارے ضلع میں ٹسٹ متصور کئے جائیں گے۔ موجودہ پالیسی کے تحت حکام کورونا کی علامات والے شخص کے علاوہ اسکے رشتہ داروں کے سیمپل بھی حاصل کررہے تھے لیکن نئے احکامات کے تحت صرف متاثرہ و مشتبہ افراد کے سیمپل حاصل کئے جائیں گے۔ محکمہ صحت کا دعویٰ ہے کہ انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کی گائیڈ لائنس کے مطابق اقدامات کئے جارہے ہیں۔