ہر چور کے نام کے آگے ’ مودی ‘ کیوں ہے ؟ ۔ راہول گاندھی کا سوال

,

   

نیرو مودی ‘ میہول چوکسی ‘ للت مودی ‘ وجئے مالیا ‘ انیل امبانی اور نریندر مودی کا ایک گروپ سے تعلق ۔ کرناٹک میں انتخابی ریلیوں سے خطاب
کولار ( کرناٹک )13 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کرپشن کے مسئلہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کانگریس صدر راہول گاندھی نے آج الزام عائد کیا کہ چوکیدار 100 فیصد چور ہے ۔ یہاں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے سوال کیا کہ آخر تمام چوروں کے نام کے آگے ’’ مودی ‘‘ کیوں ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ان کا ایک سوال ہے کہ تمام چوروں کے نام میں ’’ مودی ‘‘ کیوں شامل ہے ۔ چاہے وہ للت مودی ہو ‘ نیرو مودی یا پھر نریندرمودی ہو ۔ وہ نہیں جانتے کہ مزید کتنے مودی سامنے آئیں گے ۔ رافیل جیٹ طیاروں کے معاہدہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوکیدار 100 فیصد چور ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نے 30 ہزار کروڑ روپئے عوام کے سرقہ کرلئے اور اسے اپنے ایک چور دوست انیل امبانی کے حوالے کردئے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے 30 ہزار کروڑ روپئے چرائے اور اپنے ایک چور دوست کے حوالے کردئے ۔ مودی نے یقینی طور پر یہ رقم چرائی ہے اور چوکیدار ایک چور ہے ۔ نیرو مودی ‘ میہول چوکسی ‘ للت مودی ‘ وجئے مالیا ‘ انیل امبانی اور نریندر مودی ان سب کا ایک گروپ ہے اور یہ سب چوروں کی ایک ٹیم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی اب کسانوں ‘ ملازمتوں اور کرپشن کی بات نہیں کرتے جبکہ کانگریس مودی کے برخلاف کوئی جھوٹ نہیں بولتی ۔ راہول گاندھی نے نیائے اسکیم کے تعلق سے اظہار خیال کیا جس کے تحت ان کی پارٹی اقتدار ملنے پر غریب خاندانوں کو سالانہ 72 ہزار روپئے کی آمدنی کو یقینی بنانا چاہتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر کانگریس کو اقتدار ملتا ہے تو اولین قانون سازیوں میں خواتین کو قانون ساز اداروں میں 33 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا منظور کیا جائیگا ۔ راہول گاندھی نے چترا درگ میں بھی ایک ریلی سے خطاب کیا اور کہا کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات در اصل انیل امبانی اور عام شہری کے درمیان مقابلہ ہیں۔ یہ انتخابات چوروں اور دیانتدار افراد اور جھوٹے وعدوں اور سچائی کے درمیان مقابلہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں پانچ سال سے جاری انیائے ( ناانصافی ) اور کانگریس کی اسکیم نیائے ( انصاف ) کے درمیان مقابلہ ہیں۔ کانگریس صدر نے کہا کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات در اصل نظریات کے درمیان مقابلہ ہیں جہاں ایک طرف نفرت ‘ غصہ اور نفاق کی سیاست ہے تو دوسری جانب محبت ‘ اخوت اور بھائی چارہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات وزیر اعظم مودی کے جھوٹ اور کانگریس کی نیائے انصاف کے سچ کے درمیان مقابلہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے ہر شہری کو 15 لاکھ روپئے دینے کا وعدے کیا تھا جو جھوٹا ثابت ہوا ہے جبکہ کانگریس اپنے وعدوں کو پورا کرنے کا حوصلہ رکھتی ہے ۔ وزیر اعظم کے خود کو چوکیدار قرار دینے کا مضحکہ اڑاتے ہوئے راہول نے سوال کیا کہ چوکیدار کس طرح کام کرر ہا ہے ؟ ۔ انہوں نے عوام سے سوال کیا کہ کیا کبھی انہوں نے کسان ‘ مزدور کیا بیروزگار شخص کے گھر کے باہر چوکیدار دیکھا ہے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ چوکیدار انیل امبانی کے گھر کے باہر پایا جاتا ہے ۔ یہ چوکیدار ملک کے 15 تا 20 فیصد امیر شہریوں کے لئے کام کرتا ہے ۔ غریب عوام کیلئے اس کے پاس کچھ بھی نہیں ہے ۔