اندور ۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ وہ 3 ستمبر کو راجدھانی بھوپال میں منعقد ہونے والے ایک پروگرام میں مدھیہ پردیش کے 16 ہزار منتخب اساتذہ کو تقرری نامہ سونپیں گے ۔ چوہان نے آج یہاں یوم روزگار کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام میں خود کا روزگار اسکیموں کے قبول نامہ اور مختلف اسکیموں کے استفادہ کنندگان کو فوائد تقسیم کئے ۔ اس موقع پر انہوں نے 2.84 کروڑ روپے کی لاگت سے اندور انٹرنیشنل ٹوائے کلسٹر کا سنگ بنیاد اور انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ ٹریننگ کے لیے ای لرننگ ماڈیول کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ ریاست کے بچوں کو روزگار سے منسلک کرنا ہے ۔ جنوری سے مارچ تک 13 لاکھ اور اپریل سے جولائی تک 9 لاکھ 52 ہزار سے زائد غریب بھائیوں اور بہنوں کو مختلف اسکیموں کے تحت قرض دے کر اپنا کاروبار شروع کرایا گیا ہے ۔ حکومت سیلف ہیلپ گروپس کی خواتین ، فٹ پاتھ پر پھل اور سبزیاں بیچنے والوں، چھوٹا موٹا کاروبار کرنے والوں سے لیکر وہ لوگ جن کے پاس اختراعی آئیڈیاز ہیں، ان کے اسٹارٹ اپ شروع کروانے تک ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔ ان کا کاروبار شروع کرائے گی۔ حکومت 42 کلسٹر شروع کرچکی ہے ۔