بیجنگ : چینی صدر ژی جن پنگ نے کہا ہے کہ ہمارا ملک سلامتی کے حوالے سے عدم استحکام اور بے یقینی سے دوچار ہے جس کے لیے ہمیں اپنی فوج کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور انہیں جنگکیلئے تیار رکھنے کی ضرورت ہے۔ چین کے سرکاری ٹی وی چینل سی سی ٹی وی کے مطابق، صدرژی پنگ نے گزشتہ روز چینی فوج کی کمان گاہ یعنی مرکزی عسکری کمیشن کا دورہ کیا۔ چینی صدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری فوج کو اس وقت کٹھن ذمہ داریوں کا سامنا ہے جس کے لیے ہمیں اپنی تمام تر توجہ فوج کی جنگی صلاحیتوں کو بڑھانے اور انہیں جنگ کیلیے تیار رکھنے کی ضرورت ہے۔ژی جن پنگ نے کہا کہ دنیا اس وقت تیزی سے تبدیلی کے دور سے گز رہی ہے۔چینی فوج ملکی سلامتی،بقا اور مفادات کی محافظ ہے جبکہ عوام اور پارٹی بھی اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں سے واقف ہے۔ اس دورے کے دوران فوجی وردی میں ملبوس چینی صدر نے کہا کہ سال 2027 تک ہمیں اپنی فوج کو دنیا کی بہترین عسکری صلاحیتوں کی حامل فوج بنانا ہوگا جس کیلیے حکومت ہر ممکنہ کوشش کرے گی۔