برسبین: آسٹریلیا کے خلاف پہلے ایشز ٹسٹ میں 9 وکٹوں کی شکست کے باوجود انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے زور دے کر کہا کہ انگلینڈ آج کی شکست سے بہ آسانی ابھر سکتا ہے اور ان کی ٹیم چیلنج سے نہیں ڈرتی۔ تاہم، انہوں نے اعتراف کیا کہ پہلی اننگز میں اُن کی ٹیم کی فیلڈنگ اور بیٹنگ کی کارکردگی مایوس کن تھی۔ مہمان ٹیم پہلی اننگز میں دو سیشن کے اندر 147 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ ٹاس جیتنے کے بعد روٹ نے مشکل پچ پر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا تھا۔ کم اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد جب انگلش ٹیم نے میدان سنبھالا تو اُس نے پانچ کیچ چھوڑے اور رن آؤٹ کے کم از کم دو مواقع بھی گنوائے ۔ آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں 278رنز کی برتری حاصل ہوئی۔