ہمیں یہ میڈلس نہیں چاہئے :ریسلرس

   

نئی دہلی ۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج کرنے والی خواتین پہلوانوں نے اپنے میڈلس دریائے گنگا میں بہانے کا اعلان کیا ہے۔ ریسلر ونیش پھوگاٹ نے سوشل میڈیا پر ایک جذباتی پوسٹ لکھ کر اس کی اطلاع دی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج منگل (30 مئی) کو شام 6 بجے ہردوار میں کھلاڑی گنگا ندی میں اپنے میڈلس بطور احتجاج بہا دیں گے۔ ونیش پھوگاٹ نے پہلوانوں کے خلاف دہلی پولیس کی کارروائی کے دو دن بعد یہ اعلان کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ احتجاج کے دوران وزیر اعظم نے ایک بار بھی پہلوانوں کا خیال نہیں رکھا۔ ونیش پھوگاٹ نے ٹوئٹر پر ایک مکتوب شیئرکیا ہے جس میں انہوں نے لکھا کہ آپ سب نے دیکھا کہ 28 مئی کو ہمارے ساتھ کیا ہوا۔ ہم خواتین پہلوانوں کو ایسا لگ رہا ہے جیسے اس ملک میں ہمارے پاس کچھ نہیں بچا۔ہم ان لمحات کو یاد کررہے ہیں جب ہم نے اولمپکس، ورلڈ چمپئن شپ میں میڈلس جیتے تھے۔ اب لگتا ہے کہ ہم نے یہ میڈلس کیوں جیتے؟انہوں نے مزید لکھا کہ ہمیں یہ میڈلس نہیں چاہیے۔ ہم ان میڈلس کو بہتی گنگا میں بہانے جا رہے ہیں۔جیسے ہی ہندوستان کے سرکردہ پہلوان بجرنگ پونیا، ساکشی ملک اور ونیش پھوگاٹ نے اعلان کیا کہ وہ انڈیا گیٹ پر بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے، دہلی پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ پہلوانوں کو قومی یادگار پر احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پہلوانوں کی طرف سے ابھی تک کوئی باضابطہ درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔ کسی بھی مظاہرے کو آگے بڑھانے کے لیے، پہلوانوں کو متعلقہ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) کو تحریری مکتوب جمع کر کے پروٹوکول پر عمل کرنا چاہیے۔ ان کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے گا۔ قائم کردہ رہنما خطوط اور طریقہ کار کی بنیاد پر انہیں اجازت دی جاسکتی ہے ۔انڈیا گیٹ کوئی احتجاج کی جگہ نہیں ہے اور پولیس وہاں پہلوانوں کو احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ ہم رام لیلا گراؤنڈ اور بروری سمیت احتجاج کے لیے متبادل جگہ تجویز کریں گے۔ اپنے تازہ اقدام میں، تمام احتجاج کرنے والے پہلوان، بشمول پونیا، پھوگاٹ، اور ملک منگل کو اپنے تمام میڈلس گنگا ندی میں ڈبونے کے لیے ہریدوار روانہ ہوئے۔احتجاج کرنے والے پہلوانوں نے کہا کہ اس کے بعد وہ دہلی واپس آئیں گے اور انڈیا گیٹ پر بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے لیکن انہیں یہاں احتجاج کرنے کی اجازت ملنا مشکل دکھائی دے رہا ہے ۔