تل ابیب : اسرائیل کے وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ ان کے ملک کا غزہ کی پٹی پر قبضہ جاری رہے گا۔اسرائیلی وزارت دفاع کے ایک بیان کے مطابق فلاڈیلفی کوریڈور کا دورہ کرنے والے کاٹز نے کہا کہ اسرائیلی فوج ، غزہ کی پٹی میں “بفر زون ز اور اسٹریٹجک پوزیشنز” برقرار رکھے گی۔کاٹز نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ غزہ میں سیکیورٹی کنٹرول اسرائیلی فوج کے ہاتھوں میں ہو جسے ممکنہ خطرات کو روکنے کے لئے ہر علاقے میں کارروائی کرنے کا اختیار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں ‘سیکیورٹی زون، بفر زون اور اسٹریٹجک چوکیاں ہوں گی جو اسرائیلی شہروں کی سلامتی کو یقینی بنائیں گی البتہ کاٹز نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ سیکیورٹی زون سے ان کا کیا مطلب ہے۔مئی کے اواخر میں اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ اس نے فلاڈلفی کوریڈور کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے جہاں رفح کی سرحدی گزرگاہ واقع ہے اور جو غزہ پٹی کی وہ واحد سرحدی گزرگاہ ہے جو اسے بیرونی دنیا سے منسلک کرتی ہے۔اس راہداری کو اسرائیل کی جانب سے رفح پر قبضے کے بعد غزہ کی پٹی کو بیرونی دنیا سے الگ تھلگ کرنے کے لیے استعمال کیا جانے والا سب سے واضح سرحدی راستہ سمجھا جاتا ہے۔7 اکتوبر سے اب تک غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں 17 ہزار 492 بچوں اور 11 ہزار 979 خواتین سمیت 45 ہزار 361 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 7 ہزار 803 زخمی ہوچکے ہیں۔