ہم کاغذ نہیں دکھائیں گے ‘ مکہ مسجد میں عہد

,

   

کنوینر جے اے سی مشتاق ملک نے ہزاروں افراد کو حلف دلایا
حیدرآباد 24 جنوری ( سیاست نیوز ) جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے پروگرام کے مطابق آج تلنگانہ ‘ آندھرا پردیش اور کرناٹک میں سی اے اے ‘ این آر سی اور این پی آر میں حصہ نہ لینے کے سلسلہ میں یوم عہد منایا گیا جس کے تحت سینکڑوں افراد نے این پی آر اور این آر سی کے تحت سروے کیلئے دستاویزات نہ دینے کا عہد کیا ۔ تاریخی مکہ مسجد میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی تلنگانہ اور آندھراپردیش کے کنوینر جناب مشتاق ملک نے نماز جمعہ کے موقع پر مسجد کے احاطہ میں ہزاروں افراد کو عہد کروایا کہ وہ این پی آر و این آر سی سروے کا کوئی فارم نہیں بھریں گے ۔ اس موقع پر مشتاق ملک نے کہا کہ تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش اور کرناٹک میں 60 لاکھ سے زیادہ مسلمانوں نے جمعہ کو یہ عہد کیا کہ این پی آر و این آر سی کیلئے وہ شمارکنندوں کو کوئی دستاویزات حوالے نہیں کریں گے اور فارم نہیں بھریں گے ۔ مشتاق ملک نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں فرقہ وارانہ بنیاد پر این آر سی اور این پی آر کروایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمان متحد ہیں اور حکومت کے اس اقدام کو ناکام بنادیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ملک بھر میں این آر سی ، سی اے اے اور این پی آر کے خلاف احتجاجوں میں سرفہرست ہے اور ملین مارچ کی شاندار کامیابی سے حکومت خوفزدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ متحد ہو کر حکومت کے کسی بھی غیرمجاز اقدام کو ناکام بنایا جاسکتا ہے ۔