ہم ہی نے مقرر کی ہے تمہارے درمیان موت اور ہم ( اس سے) عاجز نہیں ہیں

   

ہم ہی نے مقرر کی ہے تمہارے درمیان موت اور ہم ( اس سے) عاجز نہیں ہیں کہ تمہاری جگہ تم جیسے اور لوگ پیدا کردیں اور تم کو ایسی صورت میں پیدا کردیں جس کو تم نہیں جانتے۔ (سورۃ الواقعہ ۶۰ تا ۶۱)
ہم نے ہی تم کو نیست سے ہست کیا ہے۔ ہم نے ہی تمہارے لیے موت کا وقت مقرر کردیا ہے۔ تمہاری پیدائش اور موت دونوں ہمارے قبضہ میں ہیں۔ اگر تم میرے احکام کی خلاف ورزی کرویا میرے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراؤ تو اس سے بڑھ کر اور حماقت کیا ہوسکتی ہے۔ جب ہم چاہیں گے قیامت کے روز تمہیں پھر زندہ کردیں گے۔ کوئی ایسی طاقت نہیں جو ہمیں ایسا کرنے سے روک دے۔ مسبوقین: مغلوبین۔ اس کا ایک مفہوم یہ بھی بیان کیا گیا ہے اگر ہم تم کو فنا کردیں اور تمہاری جگہ تمہاری مثل اور لوگ لے آئیں تو ہم ایسا کرنے کی پوری قدرت رکھتے ہیں۔ اور ہم اس بات پر بھی قادر ہیں کہ تمہاری خلقت کو بالکل بدل دیں۔ تمہاری قدوقامت، تمہاری رنگت، تمہارے خدوخال یکسر مختلف ہوں۔ جو صلاحیتیں اب تمہارے اندر موجود ہیں، ان کے برعکس اور صلاحیتیں تمہیں ودیعت کردیں۔ اب بھی ہم نے اپنی مرضی سے جیسا چاہا پیدا فرمادیا اور اگر ہم تمہاری موجودہ حالت میں ردو بدل کرنا چاہیں تو ہمیں کوئی روک نہیں سکتا۔ نیک لوگ اگر اس دنیوی زندگی میں خوبصورت نہ تھے، لیکن قیامت کے دن ان کے چہرے چاند کی طرح چمک رہے ہوں گے۔ اُن کے حسن کا نکھار، دلوں کو لُبھارہا ہوگا اور گناہگاروں کے چہروں پر نحوست برس رہی ہوگی ۔ انہیں دیکھ کر طبیعت میں وحشت پیدا ہوگی۔