ہندوستانی اوبر ڈرائیور کو ایک سال کی سزائے قید

   

نیویارک ۔ 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ایک 30 سالہ ہندوستانی اوبر ڈرائیور کو ایک سال کی سزائے قید سنائی گئی ہے کیونکہ وہ پیسے کی لالچ میں جانتے بوجھتے ہوئے غیرقانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوئے افراد کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا کرتا تھا۔ یو ایس اٹارنی گرانٹ جکیتھ نے کہا کہ جسوندر سنگھ نامی ڈرائیور حالیہ دنوں میں فلاڈلفیا میں سکونت پذیر تھا۔ وہ محض چند ڈالرس کے عوض غیرقانونی طور پر امریکہ آئے ہوئے لوگوں کو امریکہ کے اندر ہی ایک مقام سے دوسرے مقام پر منتقل کیا کرتا تھا۔ جسوندر سنگھ نے اعتراف کیا کہ یکم ؍ جنوری 2019ء سے 20 مئی 2019ء کے درمیان اس نے کئی ایسے لوگوں کی رہنمائی کی جن کے بارے میں اسے معلوم تھا کہ وہ غیرقانونی طور پر امریکہ میں داخل ہوئے ہیں۔ وہ ان سے رقومات حاصل کرتے ہوئے انہیں دوردراز کے مقامات پر منتقل کیا کرتا تھا تاکہ پولیس کی وہاں آسانی سے رسائی نہ ہوسکے۔ ایک سال کی سزاء کاٹنے کے بعد جسوندر سنگھ کو ہندوستان بھیج دیا جائے گا۔