ہندوستانی تاجرین و طلبہ کو لندن میں ترجیحی موقف پر زور

   

برطانوی دارالحکومت میں ہندوستانی بزنس سے 50 ہزار افراد کو روزگار: میئر صادق خان
لندن۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) لندن کے میئر صادق خان نے برطانوی دارالحکومت میں بیرونی راست سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ہندوستانی کمپنیوں اور طلبہ کو بھی ویسی ہی سہولتوں کی پیشکش کی جانی چاہئے جس طرح چین کو مہیا کی گئی ہے۔ میئر لندن کے ترویجی ادارہ لندن اینڈ پارٹنرس کے مطابق لندن میں ہندوستان کی طرف سے بیرونی راست سرمایہ کاری میں 2017ء سے 2018ء تک 255 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ میئر صادق خان نے کہا کہ لندن میں ہندوستانی صنعت و تجارت 50,000 افراد کو ملازمت فراہم کرتی ہے۔ جو لندن میں دوسری سب سے بڑی راست بیرونی سرمایہ کاری ہے۔ میئر نے ’لندن کھلا ہے ‘ کا پیغام دوہراتے ہوئے حکومت برطانیہ کی معاندانہ ایمیگریشن پالیسیوں کی مذمت کی اور ان پالیسیوں کو لندن میں ہندوستان سے آنے والے طلبہ اور بیرونی راست سرمایہ کاری کی راہ میں بڑھتی ہوئی رکاوٹ قرار دیا۔ صادق خان نے جمعہ کی شام ایشین وائس چیاریٹی ایوارڈس کی سالانہ تقریب کے موقع پر کہا کہ ’حکومت اگر لندن میں بیرونی صنعت، تجارت و سرمایہ کاری کو آسان بنانا چاہتی ہے تو اس کو اپنی پالیسیوں میں تبدیلی لانا چاہئے۔ہندوستانی تجارتی افراد اور طلبہ کے لندن میں آمد کو آسان بنایا جانا چاہئے ۔