ہندوستانی خاتون ٹیم کا دورۂ آسٹریلیا

   

نئی دہلی ۔ ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کا ستمبر میں دورہ آسٹریلیا کا امکان ہے۔ ہندوستانی ٹیم جس نے کورونا بحران کے دوران صرف ایک سیریز کھیلی ہے وہ آئندہ ماہ انگلینڈ کے دورہ پر روانہ ہو رہی ہے جہاں وہ 7 برس کے بعد پہلی مرتبہ ٹسٹ کھیلی گی۔ میزبان ٹیم کے خلاف واحد ٹسٹ کے علاوہ ہندوستانی ٹیم تین ونڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کی سیریز بھی کھیلے گی۔ آسٹریلیائی فاسٹ بولر میگن اسکاٹ نے اشارہ دیا ہے کہ ہندوستانی ٹیم ستمبر میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جبکہ آسٹریلیا کو اس ضمن میں اپنی ٹیم کا اعلان کرنے کے علاوہ مقابلوں کے شیڈول کا بھی اعلان کرنا ہے جس میں ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں کا امکان ہے۔ اسکاٹ نے کہا کہ ہم نے ستمبر کے درمیان میں ہندوستان کی سیریز کھیلنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس خصوص میں چند ایک کیمپس منعقد کئے جائیں گے جس میں ایک کیمپ ڈارون میں بھی ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے خلاف سیریز کے علاوہ بگ بیش، ڈبلیو این سی ایل، ایشیز، ورلڈ کپ اور ممکنہ طور پر کامن ویلت گیمس بھی ہوں گے۔ بی سی سی آئی نے بھی اپنے اجلاس میں آئندہ برس نیوزی لینڈ میں ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا کے دورہ کو منظور کیا ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف گھریلو سیریز کو بھی ہری جھنڈی دکھائی گئی ہے۔ ہندوستان کے دورہ آسٹریلیا کو پہلے رواں برس جنوری میں منعقد کیا جانا تھا لیکن کورونا بحران کی وجہ سے اسے ورلڈ کپ کے بعد منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔