ہندوستانی شہری نے سوئس خاتون کو نئی دہلی بلا کر قتل کردیا

   

نئی دہلی : ہندوستانی شہری نے سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والی اپنی دوست کو نئی دہلی بلا کر قتل کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قتل کی واردات میں ملوث شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ مہلوک خاتون کی نعش انہیں دہلی کے مغربی علاقے تلک نگر سے کچرے کے تھیلی میں لپٹی ہوئی ملی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی شناخت نینا برجر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ اس کے دوست گرپریت سنگھ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستانی شہری اور سوئس خاتون کے درمیان گہری دوستی تھی اور ملزم مقتول خاتون سے ملاقات کیلئے سوئٹزرلینڈ بھی جایا کرتا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو شک تھا کہ اس کی دوست نینا برجر کا کسی اور کے ساتھ بھی مبینہ تعلق ہے اور اسی شک کی بنیاد پر اس نے نینا کو دھوکے سے دہلی بلا کر قتل کردیا۔پولیس کے مطابق 11 اکتوبر کو نئی دہلی پہنچنے والی اس خاتون کو ملزم نے پانچ روز بعد قتل کیا اور نعش گاڑی میں چھپا دی تاہم جب نعش میں سے تعفن اٹھنے لگا تو پھر ملزم نعش کو تلک نگر میں پھینک کر فرار ہوگیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم شخص کو اس کی گاڑی کے رجسٹریشن نمبر کی مدد سے تلاش کرکے گرفتار کرلیا گیا۔