ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیا ن آج پہلا ونڈے

,

   

سڈنی۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کورونا کے بحران میں اپنی پہلی باہمی سیریز کھیلے گی اور ان کا پہلا مقابلہ آسٹریلیا کے خلاف سڈنی گراؤنڈ میں جمعہ کو ونڈے ہوگا۔ ہندوستان نے 2018-19 میں آسٹریلیائی سرزمین پر تین ونڈے میچوں کی سیریز 2-1 سے جیتی تھی لیکن اس مرتبہ حالات بالکل مختلف ہیں اور آسٹریلیائی ٹیم گزشتہ کے مقابلے میں زیادہ مضبوط نظرآرہی ہے ۔ یہ سیریز آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ سوپر لیگ کا حصہ ہے جس میں ہر میچ جیتنے پر پوائنٹ ملیں گے ۔اس سوپر لیگ کے تحت یہ ہندوستان کی پہلی ونڈے سیریز ہے ۔ ہندوستان کو 2023 میں 50 اوورس کے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے ۔ ورلڈ کپ میں راست رسائی کرنے والی ٹیموں کا فیصلہ اس لیگ کی بنیاد پرہوگا۔ ہندوستانی ٹیم کے بیشتر کھلاڑی اس مہینے 10 نومبر کو متحدہ عرب امارات میں ختم ہوئی آئی پی ایل کا حصہ تھے اور ٹیم کے تمام کھلاڑی براہ راست دبئی سے سڈنی پہنچے ہیں اور یہاں ٹیم 14 دن کے قرنطینہ میں رہنے کے بعدکورونا میں اپنے پہلے بین الاقوامی میچ کے لئے تیار ہوچکی ہے ۔ دوسری جانب آسٹریلیائی ٹیم نے آئی پی ایل سے قبل انگلینڈ میں تین ٹی20 اور تین ون ڈے سیریز کھیلی تھی۔آسٹریلیا کے سوپر لیگ میں تین میچوں میں سے20 نشانات ہیں جب کہ ہندوستان کو اپنا کھاتہ کھولنا ہے ۔ ویراٹ کوہلی کی قیادت میں ٹیم کے لئے ونڈے سیریز کے لئے صحیح ٹیم کا انتخاب کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے ۔محدود اوورز کے نائب کپتان روہت شرما کو عضلات میںجکڑن کی وجہ سے ونڈے اور ٹی20 سیریز سے باہر ہوگئے ہیں ۔ ان کی عدم موجودگی میں شکھر دھون کے ساتھی اوپنر لوکیش راہول ہوسکتے ہیں۔ راہول نے آئی پی ایل13 میں کنگز الیون پنجاب کی طرف سے کھیلتے ہوئے ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنائے ہیں ۔راہول رواں سال کے شروع میں آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کی ونڈے سیریز میں مڈل آرڈر میں اترے تھے اور پانچویں نمبر پر بیٹنگ کی تھی لیکن روہت کے باہر ہونے کی وجہ سے انہیں اوپننگ میں موقع دیا جاسکتا ہے جس سے ہندوستان سیریز کے پہلے میچ میں اچھی شروعات کرے ۔ خود راہول نے کہا ہے کہ وہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی بھی نمبر پر کھیلنے کو تیار ہیں۔ٹیم میں افتتاحی دعویدار کے طور پر مینک اگروال اور سنجو سیمسن بھی شامل ہیں جنہوں نے آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ راہول اور سیمسن دونوں وکٹ کیپر ہیں لیکن وکٹ کیپرکے طور پر ٹیم کی پہلی پسند راہول ہیں۔کپتان کوہلی تیسرے نمبر پر کھیلنے اتریں گے ۔اپنی کپتانی میں دہلی کیپٹلس کو آئی پی ایل کے فائنل تک لے جانے والے شریس ایر چوتھے نمبر پر رہیں گے ۔ منیش پانڈے اور شبھمان گل میں سے کوئی پانچویں نمبر پر کھیلے گا۔ ہاردک پانڈیا چھٹے نمبر پر جبکہ نئے فنیشر آل راونڈر رویندر جڈیجہ ساتویں نمبر پر رہیں گے ۔ اسپنر کی جگہ کے لئے لیگ اسپنر یوزویندر چہل کو کلدیپ یادو پر ترجیح ملے گی ۔فاسٹ بولنگ کا ذمہ جسپریت بمرا، محمد سمیع اور نودیپ سینی پر رہے گا۔