ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آج ورلڈکپ کا پسندیدہ مقابلہ

   

اولڈ ٹریفورڈ۔15 جون (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 میں جس مقابلے کا دنیائے کرکٹ کو بے چینی سے انتظار ہے وہ کل ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کواولڈ ٹریفورڈ میں ہو گا اور یہ کہنا غلط نہیں کہ یہ دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ ہے۔ دونوں ٹیمیں اس مقابلے میں کامیابی کے لئے پرعزم ہیں حالانکہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں ہندوستان نے ہمیشہ ہی پاکستان کو شکست دی ہے۔ ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی ٹیموں کے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کی قیادت دنیا کے نمبرایک بیٹسمین ویراٹ کوہلی کررہے ہیں تو بولنگ شعبہ میں قومی ٹیم کو دنیا کے نمبر ایک بولرجسپریت بمراہ اور بھونیشور کمار جیسے بولرزدستیاب ہیں تو پاکستان کے پاس ان فارم محمد عامر اور وہاب ریاض موجود ہیں۔ محمد عامر نے جس طرح آسٹریلیا کے خلاف پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں اس پاکستان کے خیمہ کے حوصلے بلند ہیں۔ ویراٹ کوہلی جو ایک بہترین بیٹسمین ہیں تین مرتبہ محمد عامر کے سامنے آئے اور تینوں مرتبہ ان کا ہی شکار ہوئے، یہی وجہ ہے کہ وہ عامر کو عالمی معیار کا بولربھی وہ قرار دے چکے ہیں۔ بیٹنگ میں ہندوستان کے پاس بہترین اوپنر روہت شرما ،لوکیش راہول اور مہندر سنگھ دھونی کے علاوہ ہارڈک پانڈیا جیسے بیٹسمین موجود ہیں تو دوسری جانب پاکستان کے پاس بھی بابر اعظم ،شعیب ملک اور محمد حفیظ ہیں ان کے علاوہ کریر کی پہلی سنچری ہندوستان کے خلاف اسکورکرنے والے فخر زمان بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔شعیب ملک نے اس ورلڈ کپ میں اب تک کوئی خاطر خواہ کارکردگی تو نہیں دکھائی لیکن ہندوستان کے خلاف ان کا ریکارڈ بہت اچھا ہے۔ ہندوستان کیلئے شکھر دھون کے زخمی ہوکر مقابلے سے باہر ہونے کے بعد راہول کو اوپنر بنانے کے علاوہ نمبر 4 پر وجے شنکر یا دنیش کارتک کے انتخاب کے علاوہ اسپنرز کی جوڑی کلیدیب یادو اور یوزویندر چہل کے ساتھ رویندر جڈیجہ کے انتخاب کا مسئلہ بھی درپیش ہے۔ دوسری جانب اس میچ میں آسٹریلیا کے خلاف آرام کرنے والے شاداب خان کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔ ساتھ ہی امید ہے کہ ٹیم چار فاسٹ بولروں کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم میدان میں اترے گی۔ ورلڈ کپ میچز ہندوستان کو پاکستان پر ہمیشہ برتری حال رہی ہے۔ اب تک دونوں ٹیمیں ورلڈکپ میں 6 مرتبہ مدمقابل آئیں اور تمام میچز میں ہندوستانی ٹیم کامیاب رہی۔ ہندوستان اور پاکستان کا ورلڈ کپ میں سب سے پہلا مقابلہ 4 مارچ 1992 کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ہوا جس میں پاکستان کو ہندوستان نے 41 رنز سے شکست دی۔ دوسری مرتبہ 1996 کے ورلڈ کپ میں بنگلور کے گراونڈ میں ہندوستان نے پاکستان کو 39 رنز سے شکست دی۔ 1999 کے ورلڈ کپ میں تیسری مرتبہ 47 رنز سے ہندوستان کامیاب رہا۔ چوتھی مرتبہ ہندوستان چھ وکٹوں سے میچ جیت گیا۔پانچویں مرتبہ ہندوستان نے پاکستان کو 2011 کے ورلڈ کپ میں 29 رنز سے شکست دی۔ چھٹی مرتبہ 2015 کے ورلڈ کپ میں ہندوستان نے باآسانی 76 رنز سے پاکستان کو زیر کیا۔ دوسری جانب ورلڈ کپ سے ہٹ کر ونڈے میچز کا ریکارڈ دیکھا جائے تو پاکستان کو ہندوستان پر واضع برتری حاصل ہے اب تک دونوں ٹیموں نے131 میچز کھیلے ہیں74 مرتبہ پاکستان نے ہندوستان کو زیر کیا ہے، 56 مرتبہ ہندوستان نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجہ کے ختم ہوا۔اولڈ ٹریفورڈ میں 1999 ورلڈ کپ میں ہندوستان نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دی تھی۔