ہندوستان میں اومی کرون مریضوں کی تعداد بڑھ کر 358 ہوگئی

   

نئی دہلی : ہندوستان میں میں کورونا وائرس کے نئے قسم اومیکرن کے حوالے سے صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ ملک میں نئے ویرینٹ والے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعہ کی صبح تک ملک میں اومی کرون کے 358 کیسز پائے گئے ہیں۔ کورونا کی یہ نئی قسم اب تک ملک کی 17 ریاستوں میں پھیل چکی ہے۔ راحت کی بات یہ ہے کہ اب تک اس قسم کے 114 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔واضح رہے کہ اومی کرون کے سب سے زیادہ کیس مہاراشٹر میں پائے گئے ہیں۔ یہاں اس قسم کے مریضوں کی تعداد 88 تک پہنچ گئی ہے۔ نیز دہلی میں اب تک 67 معاملے سامنے آئے ہیں۔واضح رہے کہ اومی کرون کی وجہ سے خدشہ ہے کہ جنوری میں ملک میں کورونا انفیکشن کے معاملات میں تیزی سے اضافہ ہوگا اور فروری میں کوویڈ کی تیسری لہر آسکتی ہے۔ اس کے پیش نظر الہ آباد ہائی کورٹ نے جمعرات کو مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن آف انڈیا پر زور دیا کہ وہ انتخابی ریلیوں پر پابندی لگانے اور انتخابات کو ملتوی کرنے پر غور کریں۔دراصل2022 میں اتر پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، گوا اور منی پور میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ نیز گجرات اور ہماچل پردیش میں سال کے آخر تک انتخابات ہو سکتے ہیں۔ ایسے میں عدالت کا کہنا ہے کہ کووڈ کی دوسری لہر سے سبق لیتے ہوئے انتخابات کو ملتوی کر دینا چاہیے۔