ہندوستان میں دیسی ویکسین کی تیاریوں میں پیشرفت

,

   

تقسیم کا عمل بہتر بنانا ضروری ، وزیراعظم مودی کا ویکسین تیار کرنے والی تین یونٹوں کا دورہ ، سائنس دانوں سے ملاقات

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے آج احمدآباد، حیدرآباد اور پونے کا دورہ کرتے ہوئے ان شہروں میں کورونا وائرس کی تیاری کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے احمدآباد میں زائیڈس بائیوٹیک پارک، حیدرآباد میں بھارت بائیوٹیک اور پونے میں سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا کا دورہ کیا۔ وزیراعظم نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ویکسین کی تیاری میں ہمارے سائنس داں پیشرفت کررہے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے سائنس دانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ویکسین کی تیاری کے عمل میں تیزی لانے کی خواہش کی۔ سائنس دانوں نے وزیراعظم سے ملاقات کرکے خوشی ظاہر کی اور کہا کہ ہمارے جوش و جذبہ میں اضافہ ہوا ہے، اس نازک مرحلے میں ویکسین کی تیاری کا عمل تیز کرنے کیلئے ہم اپنی تمام کوششیں لگا دیں گے۔ وزیراعظم نے اس حقیقت پر فخر کا اظہار کیا کہ ہندوستان میں دیسی ویکسین کی تیاری میں پیشرفت ہوئی ہے۔

انہوں نے اب تک کی جانے والی کوششوں کی ستائش کی۔ ہندوستان نے سائنس کے تمام اصولوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے ویکسین کی تیاری کا قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ویکسین کی تیاری کے علاوہ ویکسین کی تقسیم کا عمل بہتر بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان کا ماننا ہے کہ یہ ویکسین نہ صرف اچھی صحت کیلئے اہم ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی یہ بہتر ثابت ہوگی۔ یہ ہندوستان کا فریضہ ہے کہ وہ ویکسین کی تیاری کیلئے دیگر ممالک کی بھی مدد کرے۔ پڑوسی ممالک کے بشمول ہم وائرس کے خلاف اجتماعی لڑائی کے حامی ہیں۔ وزیراعظم نے سائنس دانوں سے کہا کہ وہ اپنے خیالات اور تجربات پیش کرنے میں کوئی پس و پیش نہ کریں۔ آزادانہ طور پر وہ اپنی تجاویز رکھ سکتے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے آج اپنے تین شہروں کے دورہ کا آغاز احمدآباد سے کیا۔ پی پی ای کٹ پہن کر انہوں نے ویکسین کی تیاری کی یونٹ کا مشاہدہ کیا۔ حیدرآباد کے قریب حکیم پیٹ ایرفورس اسٹیشن پہنچنے کے بعد وہ تقریباً ایک بجے دوپہر بھارت بائیوٹیک مینوفیکچرنگ یونٹ پہنچے جہاں پر بھارت بائیوٹیک چیرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر کرشنا ایلا، سائنس دانوں اور سینئر عہدیداروں نے ان کا خیرمقدم کیا۔ سہ پہر 3:20 بجے وزیراعظم مودی پونے کیلئے روانہ ہوئے جہاں پر انہوں نے سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا کے کیمپس پہنچ کر یونٹ کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے چیرمین ڈاکٹر سائرس پونے والا سے ملاقات کی۔

مودی نے ویکسین سنٹر کا معائنہ کیا
احمد آباد : وزیراعظم نریندر مودی ہفتہ کو کورونا وائرس ویکسین کے تیاری کے کام کا جائزہ لینے تین شہریوں کے دورے کا آغاز کیا۔ سب سے پہلے وہ احمد آباد کے قریب بڑی فارما کمپنی زائدس کیڈیلا مینوفیکچرنگ سنٹر کا دورہ کیا ۔ ٹی پی ای کٹس پہنے مودی ریسرچ سنٹر میں گئے اور زائد از ایک گھنٹہ گذارا ۔