ہندوستان میں مذہبی آزادی پر امریکہ کا اظہارتشویش

   

امریکہ میں ’’بین الاقوامی مذہبی آزادی اتحاد‘‘ کی لانچنگ

واشنگٹن ۔ 6 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ہندوستان میں مذہبی آزادی سے متعلق موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور اس مسئلہ کو ہندوستانی عہدیداروں کے ساتھ اٹھایا۔ ہندوستان میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جاری احتجاج کے پیش نظر امریکہ نے اس تشویش کا اظہار کیا ہے۔ نام کو خفیہ رکھنے کی شرط پر امریکی محکمہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس نے اس ضمن میں ہندوستان میں عہدیداروں سے ملاقات کی اور ہندوستان میں جو کچھ ہورہا ہے اس سے متعلق تشویش کا اظہار کیا۔ ہندوستان کے وزیرخارجہ سے بھی اس سلسلہ میں ملاقات کی گئی۔ امریکہ نے چہارشنبہ کو 27 ملکی انٹرنیشنل ریلیجئس فریڈم ایلائنس کی لانچنگ کا اعلان کیا جس کے ذریعہ دنیا بھر میں مذہبی آزادی کے تحفظ کیلئے اجتماعی طریقہ کار اپنایا جائے گا۔ لانچنگ کے موقع پر امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ یہ اتحاد ان شراکت دار ممالک پر مشتمل ہے جنکی سوچ اور فکر میں یکسانیت ہے اور جو ہر انسان کی مذہبی آزادی کی قدر کرتے ہیں اور اس کی خلاف ورزی پر نبردآزما بھی ہوجاتے ہیں۔ اس اتحاد میں دیگر ممالک کے علاوہ آسٹریلیا، برازیل، برطانیہ، اسرائیل، یوکرین، نیدرلینڈس اور یونان کے نام بھی قابل ذکر ہیں۔