ہندوستان میں مقیم فلسطینی تارکین وطن کیلئے انڈوعرب لیگ حیدرآباد کی 10لاکھ روپئے کی امداد

   

فلسطینی سفیر عدنان ابوالحایجہ کا اظہار تشکر، جناب وقارالدین کی انسانیت نوازی اور فلسطینیوں سے محبت کو خراج تحسین

حیدرآباد۔ 19؍اپریل (پریس نوٹ) فلسطینی سفیر متعینہ ہندوستان عدنان ابوالحایجہ نے جناب سید وقار الدین چیرمین انڈو عرب لیگ سے اظہار تشکر کیا ہے جنہوں نے ہندوستان میںمقیم فلسطینی تارکین وطن کی امداد کے لئے انڈوعرب لیگ حیدرآباد کی جانب سے 10لاکھ روپئے کی مالی امداد فراہم کی۔ فلسطینی سفیر نے کہا کہ ایک ایسے بحران کے نازک دور میں جبکہ نفسا نفسی کا عالم ہے۔ ہر ملک اپنے شہریوں کے لئے فکرمند ہے۔ جناب وقارالدین چیرمین انڈوعرب لیگ نے فلسطینی تارکین وطن کے مسائل اور مصائب کا خیال کرتے ہوئے فلسطینی سفارتخانہ کو 10لاکھ روپئے کا چیک روانہ کیا ہے ان کے جذبہ انسانیت اور فلسطینی کاز اور فلسطینی عوام سے اپنی محبت اور اٹوٹ وابستگی کا اظہار ہوتا ہے۔ جناب سید وقارالدین اور فلسطینی سفیر کے درمیان ٹیلیفونک بات چیت کے بعد انڈوعرب لیگ حیدرآباد کی جانب سے یہ رقم فراہم کی گئی ہے جس کے لئے فلسطینی سفیر نے فلسطینی عوام اور ارباب اقتدار کی جانب سے جناب وقارالدین اور انڈو عرب لیگ کا شکریہ ادا کیا۔ فلسطینی سفیر نے کہا کہ انڈوعرب لیگ حیدرآباد گذشتہ 50برس کے دوران فلسطین سے یگانگت کا اظہار کرتی رہی ہے۔ اس سے پہلے لیگ نے مظلوم فلسطینیوں کی مدد کے لئے 25لاکھ روپئے کا عطیہ بھی دیا تھا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2015ء میں جناب وقارالدین کو فلسطین کے سب سے باوقار سیویلین ایوارڈ، ستارۂ یروشلم سے نوازا گیا تھا۔ جناب وقارالدین کے یاسر عرفات مرحوم اور ملک کے موجود صدر محمود عبادس سے دوستانہ مراسم ہیں۔