ہندوستان میں 25 ملین جوڑے بانجھ پن کا شکار

   

علاج میں نئی جدت کا مشورہ، فرئی ویژن 2022 کا افتتاح گورنر سوندراراجن

حیدرآباد ۔ 10 ڈسمبر (راست) گورنر تلنگانہ شریمتی تملی سائی سوندراراجن نے بانجھ پن کے علاج میں نئی ریسرچ، نئی جدت، نئی ایجادات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سماج کی بہتر سے بہتر انداز میں خدمات انجام دی جاسکے اور خوشیوں کی سوغات دی جاسکے۔ گورنر 9 ڈسمبر کی شام انڈین فرٹی لیٹی سوسائٹی کی اٹھارویں سالانہ کانفرنس فرئی ویژن 2022 کے افتتاح کے بعد مخاطب تھیں۔ انہوں نے اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ تلنگانہ کو اس کانفرنس کی میزبانی کیلئے منتخب کیا گیا ہے کیونکہ یہ ایک نومولود ریاست ہے۔ ڈاکٹر سوندراراجن خود بھی ایک ڈاکٹر ہیں اور کئی بین الاقوامی اعزازات سے نوازی جاچکی ہیں۔ ڈاکٹر سوندراراجن نے کہا کہ ہندوستان میں 25 ملین جوڑے بانجھ پن کا شکار ہیں۔ ان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بانجھ پن سے متعلق مواد کو نصاب میں شامل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر رویا روضاتی نے اپنی خیرمقدمی تقریر میں کہا کہ حیدرآباد کو اس مرتبہ انڈین فرٹی لیٹی سوسائٹی کی سالانہ کانفرنس فرئی ویژن کے لئے اس لئے منتخب کیا گیا ہے کہ یہ شہر میں امن، پیار، محبت، مشترکہ ملی جلی تہذیب کا گہوارہ ہے۔ تاریخی عمارتیں یہاں موتیاں (Pearl)، چوڑیاں، ذائقے ساری دنیا میں مشہور ہیں۔ ڈاکٹر رویا نے کہا کہ ہندوستان میڈیکل ہیلت کا دارالخلافہ ہے۔ صدر انڈین فرٹی لیٹی سوسائٹی ڈاکٹر کے ڈی نائیر، سکریٹری جنرل ڈاکٹر سورون گھمان نے فرئی ویژن 2022ء کا گورنر نے افتتاح کیا۔ اس سالانہ کانفرنس کا مرکزی خیال Innovation In Pract (مشق میں جدت) ہے۔ گورنر نے اس موقع پر ناروے کے ڈاکٹر آن رے سندے کو کارنامہ حیات ایوارڈ سے نوازا۔ ڈاکٹر کلدیپ جین بانی سکریٹری انڈین فرٹی لیٹی، ڈاکٹر راج ماتھر کو سوسائٹی کیلئے خدمات کیلئے ایوارڈ پیش کیا گیا۔ کانفرنس کا آغاز قومی ترانہ سے ہوا۔ اس کانفرنس میں ملک و بیرون ملک سے 10 ہزار سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔