ہندوستان میں 6 ملکوں کے وزرائے اعظم کی کانفرنس

   

پاکستان سے وزارت خارجہ کے پارلیمانی سیکریٹری نمائندگی کرینگے
نئی دہلی : ہندوستان میں پیر کے دن 6 ملکوں کے وزرائے اعظم کی کانفرنس منعقد ہورہی ہے۔ روس، چین، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبیکستان کے وزرائے اعظم شرکت کریں گے۔ شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن کے سربراہان مملکت کی اس کانفرنس کی میزبانی ہندوستان کررہا ہے۔ وزارت خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اپنے وزارت خارجہ کے پارلیمانی سیکریٹری کو روانہ کرے گا۔ 2017ء میں اس گروپ کی رکنیت حاصل کرنے کے بعد ہندوستان پہلی مرتبہ چوٹی کانفرنس کی میزبانی کررہا ہے۔ نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈو 19 ویں اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں تجارت اور معاشی ایجنڈہ پر غوروخوض کیا جائے گا۔ صدر افغانستان، ایران کے پہلے نائب صدر، بیلا روس کے وزیراعظم، منگولیا کے نائب وزیراعظم بھی اپنے ملکوں کی نمائندگی کریں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔