ہندوستان نیوکلیر آبدوز سے میزائل داغنے والا چھٹا ملک

   

نئی دہلی : نیوکلیر طاقت سے چلنے والی دیسی ساختہ آبدوز آئی این ایس اریہنٹ سے بیلسٹک میزائل داغنے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ اب اپنے سمندر کے اندر سے بھی پاکستان اور چین میں کسی بھی ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ وزارت دفاع کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق جمعہ 14 اکتوبر کو دیسی ساخت کی آبدوزسے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا، جسے ملک کی بڑھتی ہوئی فوجی صلاحیتیوں کو تقویت فراہم کرنے کے اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آبدوز سے بیلسٹک میزائل داغنے کی صلاحیت رکھنے والا دنیا کا چھٹا ملک بن گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بیلسٹک میزائل کو آئی این ایس اریہنٹ سے خلیج بنگال میں داغا گیا اور یہ ہتھیاروں کے نظام کے حوالے سے تمام آپریشنل اور تکنیکی پیمانوں پر پورا اترا۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ کامیاب تجربہ آبدوزوں کی بیلسٹک میزائل داغنے کی صلاحیتوں کا، جو کہ نیوکلیر تدارک کی صلاحیت کا ایک کلیدی عنصر ہے، ثبوت ہے۔