نئی دہلی :2023 ہندوستان نے2023میں کالا آزر کو ختم کرنے کا نشانہ حاصل کرلیا۔ پہلی بار کالا آزر کے خاتمہ کا نشانہ 2010 تھا جسے بعد میں 2015، 2017 اور پھر 2020 تک بڑھا دیا گیا۔ملک میں ملیریا کے بعد دوسری سب سے مہلک بیماری کالا آزر کو ختم کرنے کی طرف ایک اہم قدم آگے بڑھاتے ہوئے – ہندوستان نے 2023 میں تمام بلاکس میں فی 10,000 آبادی میں ایک کیس سے کم رپورٹ کرنے کا نشانہ حاصل کیا ہے۔قومی ویکٹر بورن ڈیزیز کنٹرول پروگرام کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ملک بھر میں کالا آزر کے 595 کیسز اور چار اموات کی اطلاع ملی جبکہ 2022 میں 891 کیسز اور تین اموات ہوئیں تھیں۔ میڈیا کے مطابق مرکز نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو اس اعداد و شمار سے آگاہ کیا ہے۔ اگرچہ یہ صرف پہلا قدم ہے تاہم ہندوستان کو ڈبلیو ایچ او سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کیلئے اگلے تین برسوں میں اس رفتار کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہوگی ۔