ہندوستان پنالٹی شوٹ آوٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف کامیاب

   

سینٹیاگو۔ ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ ہاکی ویمنز جونیئر ورلڈ کپ 2023 کے اپنے چوتھے مقابلے میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو پینالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-2 سے شکست دی۔ یہاں مقررہ وقت کے دوران میچ 3-3 سے ختم ہونے کے بعد پنالٹی شوٹ آوٹ کے ذریعہ نتیجہ حاصل کیا گیا۔ مقررہ 60 منٹ میں روپنی کماری (8 )، جیوتی چھتری (17 ) اور سنیلیتا ٹوپو (53 ) نے ہندوستان کے لیے فی کس ایک گول کیا، جب کہ ازابیلا اسٹوری (11 )، میڈلین ہیرس (14) اور نیوزی لینڈ کی جانب سے ریانا فو (49′) نے گول کئے۔ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں، ساکشی رانا اور پریتی نے ہندوستان کی جانب سے اپنے مواقع کو گول میں بدلنے میں کامیابی حاصل کی، جبکہ ممتاز خان نے سڈن ڈیتھ میں گول کیا۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کی ہنناکوٹر اور ریانا فو نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں اپنے شاٹس کو گول میں بدلا۔ اپنے پچھلے مقابلوں کی طرح ہندوستان نے کھیل کا آغاز غلبہ کے ساتھ کیا، نیوزی لینڈ کے دفاع پر مسلسل دباؤ ڈالا اور تیزی سے ان کے علاقے میں داخل ہوا۔ جوابی حملے شروع کر کے اس دباؤ کو کم کرنے کی نیوزی لینڈ کی کوششوں کے باوجود، ہندوستان نے اپنی رفتار کو برقرار رکھا، روپنی کماری کی (8) ابتدائی پینلٹی کارنرکے ذریعے ابتدائی برتری حاصل کی۔