ہندوستان کو تشویش والے ممالک میں شامل کرنے کا مطالبہ

   

مذہبی آزادی سے متعلق یو ایس سی آئی آر ایف کی رپورٹ پر ہندو کونسل کا شدید ردعمل

واشنگٹن ۔ بین الاقوامی مذہبی آزادی سے متعلق امریکی کمیشن (یو ایس سی آئی آر ایف ) کی رپورٹ میں جوبائیڈن انتظامیہ سے سفارش کی گئی ہے کہ وہ مذہبی آزادی کے ضمن میں مخصوص تشویش والے ممالک کی فہرست میں ہندوستان، چین، پاکستان، افغانستان اور دیگر 11 ممالک کو شامل کریں۔ واشنگٹن کے ہندو کونسل نے یو ایس سی آئی آر ایف کی مذہبی آزادی سے متعلق رپورٹ کو ’’ہندو فوبک‘‘ اور ’’انڈو فوبک‘‘ سے تعبیر کیا ہے جبکہ مسلم اور عیسائی گروپ نے رپورٹ کے مشاہدات اور سفارشات کی تعریف کرتے ہوئے ہندوستان کو مذہبی آزادی سے متعلق مخصوص تشویش والا ملک قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ امریکن مسلم انسٹی ٹیوشن (اے ایم آئی) اور اس سے متعلق تنظیموں نے یو ایس سی آئی آر ایف کی سفارشات کی ستائش کی ہے اور کہا ہے کہ 2021 میں ہندوستان میں مذہبی آزادی کی صورتحال واضح طور پر انتہائی خراب رہی ہے۔ فیڈریشن آف انڈین۔ امریکن کرسچین آرگنائزیشن اور انڈین ۔ امریکن مسلم کونسل نے علیحدہ بیانات میں یو ایس سی آئی آر ایف کی سفارشات کی تعریف کی ہے۔ دوسری طرف ہندوستان نے ایسے الزامات کو مسترد کیا ہے۔