ہندوستان کیخلاف ٹسٹ کرئیر کے آغاز کی امید :ایبٹ

   

میلبورن۔آسٹریلیا ئی ٹسٹ ٹیم میں شامل کئے گئے فاسٹ بولر سین ایبٹ نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں اپنے کرئیر کا آغاز کریں گے ۔ 28 سالہ ایبٹ آسٹریلیا کے لئے اب تک ایک ونڈے اور چار ٹی 20 میچ کھیل چکے ہیں۔ ان کا واحد ونڈے 2014 میں شارجہ میں پاکستان کے خلاف تھا جبکہ آخری ٹی 20 پچھلے سال نومبر میں پرتھ میں پاکستان کے خلاف کھیلا تھا۔ وہ رواں سال ستمبر میں انگلینڈ میں محدود اوورزکی سیریز کے لئے آسٹریلیائی ٹیم کا حصہ تھے لیکن انہیں کوئی میچ کھیلنے کا موقع نہیں ملا تھا۔ انہوں نے ٹیم کے اندر پریکٹس میچ کھیلے ۔ایبٹ کا خیال ہے کہ انہوں نے آسٹریلیائی ٹیم اور معاون ٹیم کے ساتھ مل کر قرنطینہ میں گزارے وقت نے انھیں ایک بہترکرکٹر بننے میں مدد فراہم کی اور شیفیلڈ شیلڈ میں اپنی کارکردگی میں بھی بہتری لائی۔ اس کارکردگی کی وجہ سے ایبٹ آسٹریلیا کی 17 رکنی ٹسٹ ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں۔انگلینڈ میں کھیلنے کے بعد فاسٹ بولر متحدہ عرب امارات میں منعقدہ آئی پی ایل میں آسٹریلیائی کھلاڑیوں میں شامل نہیں تھے اور باقی کھلاڑیوں کے ہمراہ وطن واپس آنے کے بعد وہ دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ 14 دن ایڈیلیڈ اوول ہوٹل میں رہے ۔ اس دوران انہیں روزانہ کچھ گھنٹے تربیت دینے کا موقع بھی ملا۔ انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران تربیت سطح کی تھی اور اس سے پہلے انہیں ایسا تجربہ کبھی نہیں ملا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ سیزن کے آغاز میں انہوں نے زبردست بولنگ کی اور شیفیلڈ شیلڈ کے تین میچوں میں 17.92 کی اوسط سے17 وکٹیں حاصل کیں۔