ہندوستان کیلئے ایران کی برآمدات میں 94 فیصد کمی

   

تہران۔29 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) ایران کی 2020ء کی پہلی سہ ماہی میں ہندوستان کو برآمدات میں 94 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ سال پہلی سہ ماہی کے دوران میں ایران کی ہندوستان کے لیے برآمدات کاحجم 2 ارب ڈالر سے زیادہ رہا تھا۔2018ء￿ میں اسی عرصے کے دوران میں ایرانی برآمدات کا حجم 3 ارب ڈالر رہا تھا لیکن رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں ایرانی برآمدات کا حجم کم ہوکر صرف 8 کروڑ ڈالر رہ گیا ہے۔ہندوستان کی ایران کے لیے برآمدات میں بھی اس سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران میں 2019ء￿ کے اسی عرصے کے مقابلے میں 38 فی صد کمی واقع ہوئی ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی 2018ء میں ایران کے 6 بڑی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے سے یک طرفہ طور پر دست بردار ہونے کا اعلان کردیا تھا اور اس کے بعد ایران پر دباؤ برقرار رکھنے کی پالیسی کے تحت سخت پابندیاں عاید کردی تھیں۔