ہندوستان کی دو مختلف ٹیمیں معمول ہوں گی : ارون

   

نئی دہلی : ہندوستان اس وقت دو مختلف ممالک میں اپنی دو مختلف ٹیمیں باہمی سیریز کیلئے کھلارہا ہے اور اگر کورونا بحران ایسے ہی طویل رہا تو ہندوستان کی دو ٹیمیں ایک معمول ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار بی سی سی آئی کے خازن ارون بھومن نے کیا ہے۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہیکہ ایک جانب ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم انگلینڈ میں ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل اور میزبان انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں مصروف ہے تو دوسری جانب آئندہ ماہ شکھردھون دوسرے درجہ کی ہندوستانی ٹیم کی سری لنکا میں قیادت کریں گے۔ ہندوستان ایک ہی وقت دو مختلف ممالک میں اپنی دو ٹیمیں کھلارہا ہے۔ اس خصوص میں اظہارخیال کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے عہدیدار نے کہا کہ یقینی طور پر یہ ممکن ہیکہ ہندوستان اپنی نوجوان ٹیم کے ساتھ ایک اور محدود اوور کی سیریز کیلئے دوسرے ملک کا دورہ کرسکتی ہے کیونکہ کورونا کی وجہ سے مختلف ممالک میں سفر کی پابندیاں عائد ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کی دو ٹیمیں باصلاحیت کھلاڑیوں پر موجود ہیں اور بیک وقت یہ دو مختلف ممالک سے سیریز کھیل سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے کرکٹ بورڈ وبا کے بحران کے دوران معاشی چیلنجس کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بحرانی حالت میں ہمیں اختراعی نظریات اور نئے معاملات کے ساتھ سامنے آنا ہوگا۔ خاتون زمرہ کی کرکٹ کے متعلق اظہارخیال کرتے ہوئے ارون نے کہا کہ خاتون کھلاڑیوں نے ایک طویل سفر طئے کرتے ہوئے ہندوستانی کرکٹ کو سرفہرست ٹیموں میں شامل کیا ہے جس کے بعد ابھرتی اور نوجوان کھلاڑیوں کیلئے عالمی سطح پر مواقع دستیاب ہورہے ہیں۔ نیز انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ کھیلنا بھی اس کامیابی میں شامل ہے۔