ہندوستان کے خلاف ٹی20 سیریز ، نیوزی لینڈ ٹیم کا اعلان

   

کرائسٹ چرچ، 9 اکتوبر (آئی اے این ایس) ہندوستان کے خلاف 5 میچوں کی ٹی20 سیریز سے قبل نیوزی لینڈکو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ زخمی مارک چیپمین اور زیک فولکس سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے جمعہ کو ان کی جگہ آل راؤنڈر جوش کلارکسن اور فاسٹ بولر بلیئر ٹکنرکو اسکواڈ میں شامل کیا ہے ۔چیپمین گزشتہ ماہ یورپی ٹی20 لیگ کے دوران زخمی ہوئے تھے۔ امید ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز تک فٹ ہوجائیں گے۔ فولکس کو حال ہی میں کینٹربری کی ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے دوران دائیں کولہے کے پٹھے میں چوٹ لگی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ چیپمین اور فولکس کی جگہ آل راؤنڈر جوش کلارکسن اور فاسٹ بولربلیئر ٹکنرکو ٹی20 انٹرنیشنل اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈکے درمیان 5 میچوں کی سیریزکا آغاز 22 اکتوبر سے ہوگا۔نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ روب والٹر نے دونوں متبادل کھلاڑیوں کی شمولیت پر اطمینان کا اظہارکیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیپمین اور فولکس کے زخموں کا شکار ہونے پر انہیں افسوس ہے اور وہ دونوں کی جلد صحت یابی کے خواہش مند ہیں۔ والٹر کے مطابق ٹیم خوش قسمت ہے کہ اسے جوش کلارکسن اور بلیئر ٹکنر جیسے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑی ہندوستان کے خلاف ایک دلچسپ ٹی20 سیریز کا حصہ بننے کے لیے پْرجوش ہیں۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریزکا پہلا میچ 22 اکتوبرکو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا میچ بھی اسی مقام پر24 اکتوبرکو ہوگا۔ تیسرا ٹی20 انٹرنیشنل27 اکتوبرکو ویلنگٹن، چوتھا 30 اکتوبر کو آکلینڈ اور پانچواں یکم نومبرکو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان رواں سال کے آغاز میں آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل بھی کھیلا گیا تھا، جس میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔نیوزی لینڈ کرکٹ کی معلنہ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے : مچل سینٹنر (کپتان)، فن ایلن، مائیکل بریسویل، جوش کلارکسن، ڈیون کونوے، جیکب ڈفی، لوکی فرگیوسن، میٹ ہنری، بیون جیکبز، کائل جیمیسن، ایڈم ملنے، ڈیرل مچل، گلین فلپس، ٹم سیفرٹ، نیتھن اسمتھ اور بلیئر ٹکنر۔