مدھیہ پردیش 6.64 ملین ٹن کے ساتھ سرفہرست، 5 ٹاپ ریاستوں میں تلنگانہ شامل
حیدرآباد 28 جولائی (سیاست نیوز) زرعی شعبہ کی پیداوار اور خاص طور پر اناج کے معاملہ میں ہندوستان دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت رکھتا ہے۔ اناج کی مختلف اقسام کی پیداوار میں ملک کی مختلف ریاستوں کے اپنے اپنے ریکارڈس اور ترجیحات ہیں۔ حالیہ برسوں میں اناج کی فصلوں میں مکئی کی پیداوار میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ مکئی کا استعمال غذا کے علاوہ فیڈ اور صنعتی اغراض کے لئے بھی ہوتا ہے جس کے نتیجہ میں ملک کی 5 ریاستوں میں کسان مکئی کی پیداوار کو ترجیح دے رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش مکئی کی پیداوار میں ملک میں سرفہرست ہے جہاں سالانہ پیداوار 6.64 ملین ٹن درج کی گئی ہے۔ کرناٹک 6.19 ملین ٹن جبکہ بہار 5.47 ملین ٹن پیداوار کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے۔ مہاراشٹرا میں 4.75 ملین ٹن جبکہ تلنگانہ میں 3.39 ملین ٹن مکئی کی پیداوار درج کی گئی ہے۔ زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں مکئی کی پیداوار کے لئے نہ صرف ماحول سازگار ہے بلکہ حکومتوں کی جانب سے اس فصل کی بہتر کاشت کے لئے کسانوں کی رہنمائی کی جاتی ہے۔ کسانوں کو بروقت بیج اور فرٹیلائزرس کی سربراہی کے نتیجہ میں پیداوار میں اضافہ ہوا۔ کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت کی فراہمی کے لئے بھی مرکز اور ریاستی سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں موسمی تبدیلی کا راست طور پر اثر زرعی شعبہ پر پڑا ہے۔ ہندوستان کی کئی ریاستوں میں مانسون کی ناکامی کے بعد حکومتوں نے ہنگامی ایکشن پلان تیار کرتے ہوئے کسانوں کو متبادل فصلوں کے سلسلہ میں رہنمائی کی ہے تاکہ کم پانی کی ضرورت والی فصلوں کو اختیار کرنے سے کسان نقصانات سے بچ سکیں۔V/1/k/b