ہندوستان 317 رنز سے کامیاب

   

چینائی۔ ہندوستان نے انگلینڈ کو دوسرے کرکٹ ٹسٹ میچ میں چوتھے دن منگل کو 317 رنوں کے بھاری فرق سے شکست دے کر چار میچوں کی ٹسٹ سیریز میں 1-1 سے برابر کر لی ۔ ہندوستان نے انگلینڈ کو کامیابی کیلئے 482 رنز کا مشکل نشانہ دیا تھا ۔کامیابی کیلئے نشانے کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم تین وکٹ پر53 رنز سے آگے کھیلتے ہوئے چوتھے دن دوسرے سیشن میں 164 رنوں پر سمٹ گئی ۔بائیں ہاتھ کے اسپنر اکشر پٹیل (60 رن پر پانچ وکٹ)، آف اسپنر روی چندرن اشون (53 رن پر تین وکٹ) اور چائنا مین کلدیپ یادو( 25 رن پر دو وکٹ) کے جال میں پھنس کر انگلینڈ نے خودسپردگی کردی اور ہندوستان نے ساڑھے تین دن کے اندر دوسرا ٹسٹ317 رنوں کے بڑے فرق سے جیت لیا اور چار ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابری کرلی۔ اس فتح کے ساتھ ہی ہندوستان نے آئی سی سی ٹسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی اپنی امیدوں کو برقرار رکھا۔ اس کامیابی نے ہندوستان کی امیدوں کو آئی سی سی ٹسٹ چمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کی امیدیں برقرار رکھی ہیں۔ ہندوستان کو اب احمد آباد میں کھیلے جانے والے باقی دو ٹسٹ میں سے ایک میں کامیابی حاصل کرنی ہے اور ڈراکھیلنا ہے جبکہ انگلینڈ کو باقی دو ٹسٹ جیتنے ہوں گے ۔ اشون کو میچ میں آٹھ وکٹوں اور ایک سنچری کی آل راؤنڈ کارکردگی کے باعث میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ ہندوستان نے گذشتہ روز اپنی دوسری اننگز میں286 رنز بناکر انگلینڈ کے سامنے جیتنے کے لئے 482 رنز کا ہدف رکھا تھا۔ انگلینڈ نے آج تین وکٹ پر 53 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ڈینیل لارنس نے 19 رنز اور کپتان جو روٹ نے دو رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ صبح کے سیشن میں انگلینڈ کی شکست اس وقت طے ہوگئی تھی جب انہوں نے دوپہر کے کھانے تک 116 رن پر اپنی سات وکٹیں گنوادیں۔ ہندوستانی اسپنرز نے دوسرے سیشن میں انگلینڈ کی اننگز 164 رن پر ختم کردی۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے 43 رنز اورکپتان جو روٹ نے 33 رنز بنائے ۔پہلا ٹسٹ کھیلنے والے اکشر پٹیل نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹوں کے ساتھ یادگار ڈیبیوکیا۔ انہوں نے میچ میں مجموعی طور پر سات وکٹیں حاصل کیں۔پٹیل نے دوسری اننگز میں 21 اوورز میں 60 رن پر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔