’ہندو نہیں، ملک خطرے میں ہے‘، مرکز پر یوتھ کانگریس کاا لزام

   

نئی دہلی :پیگاسس، مہنگائی اور پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کو لے کر کانگریس لگاتار آواز اٹھا رہی ہے اور مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ آج یوتھ کانگریس صدر سرینواس کی قیادت میں بڑی تعداد میں یوتھ کانگریس لیڈران و کارکنان پارلیمنٹ کا گھیراو کرنے کے مقصد سے دہلی کی سڑکوں پر نکلے اور مودی حکومت کے عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف نعرہ بازی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے یوتھ کانگریس صدر نے کہا کہ ’’جب مودی حکومت سے کسی بھی مسئلہ پر پر سوال کیا جاتا ہے تو وہ جواب دینے کی جگہ ’ہندو خطرے میں ہے‘ بولنے لگتی ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ ہندو نہیں، ملک خطرے میں ہے۔‘‘یوتھ کانگریس صدر سرینواس نے کہا کہ پیگاسس مسئلہ کو لے کر مودی حکومت خاموش ہے، مہنگائی کو لے کر بھی وہ کچھ نہیں بول رہی ہے۔ حکومت کے اس رویے کی وجہ سے ملک کے نوجوان، کسان اور غریبوں پر خطرہ لاحق ہے۔ نریندر مودی جب وزیر اعظم بنے تھے تو کہا تھا کہ جھولا لے کر آئے ہیں اور جھولا لے کر چلے جائیں گے، لیکن وہ ہندوستانی عوام کے ہاتھوں میں جھولا کیوں تھما رہے ہیں، کیوں مہنگائی بڑھا کر غریبوں کو مزید غریب کر رہے ہیں۔پارلیمنٹ گھیراو کے لئے یوتھ کانگریس کے اعلان کے بعد کانگریس کارکنان کو پارلیمنٹ تک پہنچنے سے پولیس کے ذریعہ روکے جانے کا الزام بھی یوتھ کانگریس صدر نے عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ رات میں ہی ان کانگریس کارکنان کو ہوٹلوں سے نکالا گیا جو آج پارلیمنٹ گھیراو میں حصہ لینے والے تھے، لیکن پولیس کے لاٹھی ڈنڈوں سے یوتھ کانگریس کے نوجوان ڈرنے والے نہیں۔ یوتھ کانگریس صدر نے مزید کہا کہ جب جب مودی حکومت ڈرتی ہے، وہ پولیس کو آگے کرتی ہے۔ لیکن کانگریس پولیس سے ڈرنے والی نہیں، وہ عوام کے حق میں لڑائی ہمیشہ جاری رکھے گی۔