کابل؍نئی دہلی: ہندوستان کے ساتھ افغانستان کی تجارت گزشتہ سال 89 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔ایکس پر طالبان کی وزارت کے ترجمان عبدالسلام جواد نے کہا کہ افغانستان نے ہندوستان کو 62 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی اشیا برآمد کیں جبکہ اس نے ملک سے 26 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی مصنوعات درآمد کیں۔ یہ افغانستان کی انتہائی نازک معیشت میں جاری بحالی کی عکاسی کرتا ہے ۔افغانستان کا ہندوستان کے ساتھ تجارتی سرپلس بھی دونوں ممالک کے درمیان لاجسٹک مسائل اور جغرافیائی سیاسی تنازعات سمیت اہم چیلنجوں کے باوجود ایک پائیدار اور مضبوط اقتصادی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے ۔
امو ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جواد نے کہا کہ ہندوستان کو افغانستان کی اہم برآمدات میں خشک انجیر، ہینگ اور اس کے بیج، زعفران، کشمش، زیرہ اور بادام شامل ہیں۔ ہندوستان سے درآمدات میں بنیادی طور پر چینی، خام صنعتی سامان، آٹوموبائل پارٹس، کاٹن کی مصنوعات اور مشینری شامل ہیں۔