ہند۔پاک مقابلہ ورلڈ کپ کا سب سے بڑا میچ :عباس

   

لاہور۔25 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے سابق کپتان ظہیرعباس نے ہندستانی ٹیم میں مہندرسنگھ دھونی کی موجودگی کو ٹرمپ کارڈ قراردیتے ہوئے کہا کہ دھونی پہلی مرتبہ عالمی کپ میں قیادت کرنے والے ویراٹ کوہلی کیلئے مددگار ثابت ہوں گے۔ ظہیرعباس نے مزید کہا کہ ان کیلئے ہند پاکستان رقابت ایشیزسے بھی کہیں بڑھ کرہے اورکرکٹ کے کسی بھی پرستار کی طرح وہ بھی اس مقابلہ کا شدت سے انتظار کررہے ہیں۔ میگا ایونٹ میں ہند ۔ پاک مقابلے کے بارے میں ایشین بریڈمین نے کہا کہ ریکارڈ اگرچہ ہندستانی ٹیم کے حق میں ہیں لیکن اپنے دن پاکستانی ٹیم کسی بھی حریف کوشکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اورتمام ترانحصار اس بات پرہوگا کہ کون سی ٹیم 16 جون کومانچسٹرمیں دباؤکو برداشت کرتے ہوئے اپنے اعصاب پر قابو رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹورنمنٹ کا سب سے بڑا میچ ہوگا اور اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ کون سی ٹیم کامیابی حاصل کرتی ہے۔ ظہیرعباس نے کہا ہے کہ فارمیٹ اور انگلش وکٹوںکے پیش نظراس مرتبہ ورلڈکپ میں فٹنس کوبہت زیادہ اہمیت حاصل ہوگی اورسب سے فٹ ٹیم کوہی آخری چار میں جگہ بنانے کا موقع ملے گا۔ ظہیرعباس نے ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کی حتمی ٹیم میں تبدیلیوں پراطمینان ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ کیخلاف سیریزکی ناکامی کو بھلا کر ورلڈ کپ پر توجہ دینی چاہئے۔ پاکستانی ٹیم کو اپنی فیلڈنگ کی بہتری پربھی متوجہ رہنا چاہئے۔