حیدرآباد میں سخت چوکسی ، سوشیل میڈیا میں گمراہ کن پوسٹ کے خلاف سخت کارروائی
حیدرآباد ۔ 8۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے پاکستان میں دہشت گرد ٹھکانوں کے خلاف ہندوستانی افواج کی کارروائی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ دہشت گردی کی حوصلہ افزائی کرنے والے ملک کو ہندوستان نے مناسب سبق سکھایا ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ آپریشن سندور کے بعد پاکستان کو چاہئے کہ وہ دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ختم کردے اور ان کے کیمپس دوبارہ قائم نہ کریں۔ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ملک کی سالمیت کے مسئلہ پر تمام سیاسی پارٹیوں نے مرکزی حکومت کے فیصلوں کی تائید کی ہے۔ کانگریس ورکنگ کمیٹی نے مرکزی حکومت کی مکمل تائید کا اعلان کیا ہے تاکہ دہشت گردوں کے خلاف مضبوط کارروائی کی جاسکے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ عوام کو دونوں ممالک کی کشیدہ صورتحال سے فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ حکومت نے تمام سرکاری محکمہ جات اور ضلع نظم و نسق کو تمام احتیاطی اقدام کی ہدایت دی ہے۔ پونم پربھاکر نے سوشیل میڈیا پر اشتعال انگیز اور گمراہ کن پوسٹ کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں سائبر کرائم پولیس کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ پونم پربھاکر جو حیدرآباد کے انچارج وزیر ہیں ، کہا کہ حیدرآباد میں پولیس اور ریونیو حکام نے عوام کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں باشعور بنانے کے اقدامات کئے ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کے بارے میں پولیس کو فوری اطلاع دیں۔ کنٹونمنٹ علاقوں کے اطراف سیکوریٹی انتظامات سخت کردیئے گئے ۔ پونم پربھاکر کو آج سالگرہ کے موقع پر مختلف قائدین نے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے سالگرہ کے موقع پر مندر میں خصوصی پوجا کی ۔1