نئی دہلی: ہندوستان نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور سکریٹری خارجہ وکرم مصری کے دورہ امریکہ اور امریکی قیادت کے مختلف اراکین سے ملاقات کو ہند، امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک ساجھیداری میں پیشرفت کا اشارہ قرار دیا ہے ۔ آج یہاں ایک باقاعدہ پریس بریفنگ میں وزیر خارجہ کے دورہ امریکہ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ واشنگٹن ڈی سی کے دورے کا مقصد ہندوستان-امریکہ جامع عالمی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی پیشرفت کا جائزہ لینا تھا، جو گزشتہ چندبرسوں میں بہت سے شعبوں میں مضبوط ہوا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ اس دورے نے دونوں فریقوں کو موجودہ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔ وزیرخارجہ نے امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن اور سبکدوش ہونے والے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اور نئے قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز اور نئی انتظامیہ کی ٹیم کے اراکین سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے امریکہ میں ہندوستان کے قونصل جنرل کی ایک کانفرنس کی بھی صدارت کی۔