ہند۔ امریکہ دفاعی تعاون کیلئے روڈ میاپ تیار

,

   

نئی دہلی: ہندوستان اور امریکہ نے آج دفاعی صنعت کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے کے لئے ایک روڈ میاپ کو حتمی شکل دی ہے جو اگلے چند برسوں تک اس سمت میں رہنمائی کریگا۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ اور اُن کے امریکی ہم منصب لائیڈ آسٹن نے پیر کو یہاں باہمی اجلاس منعقد کیا جس میں روڈ میاپ پر اتفاق ہوا ۔ آسٹن دو روزہ دورے پر اتوار کو یہاں پہنچے تھے اور آج اُن کے دورے کی تکمیل ہوئی۔ دونوں قائدین کی ملاقات کے بعد وزارت دفاع نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان ملاقات گرمجوشی اور خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ دونوں نے بات چیت کے دوران دوطرفہ تعاون سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان، ڈیفنس سکریٹری گردھر ارمانے ، چیئرمین ڈی آر ڈی او ڈاکٹر سمیر وی کامت اور وزارت دفاع کے سینئر افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔