ہند و پاک کے درمیان مزیدکشیدگی کا خطرہ ٹل گیا

   

پڑوسی سے جارحانہ کارروائی کا اندیشہ نہیں، پاکستان کا داخلی تجزیہ
اسلام آباد 12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت پاکستان نے داخلی تجزیہ سے نتیجہ اخذ کیا ہے کہ پلوامہ دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ کا خطرہ ٹل چکا ہے۔ ایکسپریس ٹریبیون نے کہاکہ دو پڑوسی ملکوں کے تعلقات کی موجودہ صورتحال پر پیر کو کی گئی پریس بریفنگ کے پس منظر میں ایک سینئر عہدیدار نے اس تخمینہ کا اشارہ دیا اور کہاکہ ’کشیدگی میں کمی واضح اور نمایاں ہے‘۔ اس عہدیدار نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ پاکستان کو اب ہندوستان کی طرف سے کسی جارحانہ اقدام کا اندیشہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 14 فروری کو جیش محمد کے خودکش بمبار کے ایک دہشت گرد حملے میں سی آر پی ایف کے 40 جوانوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں ہولناک اضافہ ہوگیا تھا۔ انڈین ایر فورس نے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان پاکستان کے اندرونی علاقہ بالاکوٹ میں 26 فروری کو جیش محمد کے ایک تربیتی کیمپ کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا تھا ۔