l دفاع، اہم معدنیات، بحری سیکوریٹی، حفظان صحت، زراعت اور تعلیم اہم شعبے l شراکت داری کے ایک نئے باب کا آغاز
نئی دہلی، 7جولائی (یو این آئی) ہندوستان اور انڈونیشیا نے اپنی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کا ایک سنہرا باب شروع کرتے ہوئے دفاع، اہم معدنیات، بحری سکیورٹی، حفظان صحت ، زراعت، خلا، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافتی سفارت کاری سمیت 14 شعبوں میں معاہدوں پر دستخط کیے ہیں اور چھ نئی پہل کا اعلان کیا ہے ۔ انڈونیشیا کے دورے پر گئے وزیر اعظم نریندر مودی کی منگل کو دارالحکومت جکارتہ میں صدر پروبوو سوبیانتو کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کے بعد ان معاہدوں پر دستخط کیے گئے ۔ یہ معاہدے ہند بحرالکاہل خطے کی دو بڑی جمہوریتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی اسٹریٹجک یکجہتی اور سکیورٹی، اقتصادی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط کرنے کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان پرامن مقاصد کیلئے بیرونی خلا کی دریافت اور استعمال میں تعاون سے متعلق فریم ورک معاہدے کی توسیع، مرکزی ڈرگ اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (سی ڈی ایس سی او) اور انڈونیشیا کی نیشنل ایجنسی فار ڈرگ اینڈ فوڈ کنٹرول (بی پی او ایم) کے درمیان طبی مصنوعات کے ریگولیشن میں تعاون، اور معدنیات اور اسٹیل سپلائی چین ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمت ناموں پر دستخط کیے گئے ۔ اس کے علاوہ زراعت اور متعلقہ شعبوں میں تعاون، بحری سکیورٹی اور تحفظ کے تعاون سے متعلق مفاہمت ناموں اور نفاذ کے معاہدے کی توسیع، ہندستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور انڈونیشیا کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے درمیان تعاون، ٹیلی کمیونیکیشن ٹیکنالوجی اور خدمات، ریسرچ، ٹیکنالوجی اور اختراع اور ہیلتھ ورک فورس تعاون سے متعلق معاہدوں پر بھی دستخط ہوئے ۔ دیگر معاہدوں میں ہندستان کے الیکشن کمیشن اور انڈونیشیا کے الیکشن کمیشن کے درمیان مفاہمت نامہ، برہموس میزائل سسٹم پر تعاون، ہوا سے ہوا میں مار کرنے والے میزائل تعاون کا معاہدہ، اسٹیل اتھارٹی آف انڈیا (سیل) اور پی ٹی کراکاٹاؤ اسٹیل کے درمیان انڈونیشیا میں اسٹینلیس اسٹیل سلیب مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کیلئے اسٹریٹجک جوائنٹ وینچر، اور نان فیریس مٹیریلز ٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ سینٹر (این ایف ٹی ڈی سی)، مڈویسٹ لمیٹڈ اور پی ٹی پرمیناس کے درمیان ریئر ارتھ میگنیٹ کی ترقی سے متعلق مفاہمت نامے شامل ہیں۔ دونوں ممالک نے یوگیاکارتا میں واقع پرامبانن مندر کے احاطے کے تحفظ اور بحالی میں ہندستان کی مدد، انفارمیشن فیوژن سینٹر۔بحر ہند کے خطے (آئی ایف سی۔آئی او آر) میں انڈونیشیائی رابطہ افسر کی تعیناتی، انڈونیشیا کو اعلیٰ معیار کے ڈی ڈبلیو آر۔162 گندم کے بیج کی 100 ٹن فراہمی، “ٹیگور۔دیوانترا ثقافتی اور تعلیمی سفارت کاری سال” کے انعقاد، انڈونیشیا کے سنگھاساری اسپیشل اکنامک زون میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ بنگلورو کے برانچ کیمپس کے قیام اور ہندستان کے اوپن نیٹ ورک فار ڈیجیٹل کامرس کے طرز پر انڈونیشیا اوپن نیٹ ورک (آئی او این) شروع کرنے کا بھی اعلان کیا۔
مودی کوانڈونیشیا کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا گیا
نئی دہلی، 07 جولائی (یو این آئی) انڈونیشیا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنے اعلیٰ ترین شہری اعزاز ‘بیتانگ آدی پورن’ سے نوازا ہے ۔ انڈونیشیا کے تین روزہ دورہ پر گئے مودی نے منگل کو انڈونیشیائی صدر پروبوو سوبیانتو کے ساتھ باہمی بات چیت کی، بات چیت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ انہیں انڈونیشیا کا اعلیٰ ترین اعزاز دیا گیا ۔ انڈونیشیا کے صدر نے مودی کو اس اعزاز سے نوازا۔ مودی نے کہا کہ آج صبح، مجھے بہت محبت کے ساتھ انڈونیشیا کا اعلیٰ ترین اعزاز بھی دیا گیا ہے ۔ یہ اعزاز کروڑوں ہندستانیوں کا ہے ۔ انڈونیشیا عوام کے جذبات کا ہے ، ہندستان اور انڈونیشیا کے تاریخی اورقریبی تعلقات کا ہے ۔ میں صدر پروبوو جی، انڈونیشیا حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔