ہند ۔ نیوزی لینڈ کے مابین 10 دس معاہدے ۔ باہمی تعلقات کو حکمت عملی شراکت داری کا درجہ

,

   

نئی دہلی 11 جولائی (یو این آئی) ہندوستان اور نیوزی لینڈ نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے سمندری تعاون، ہائیڈروگرافی، لاجسٹک سپورٹ، دہشت گردی کے خلاف تعاون، آفات کے بندوبست، مویشی پروری اور ڈیری، سیاحت اور کھیل جیسے متعدد شعبوں میں 10 معاہدوں اور آٹھ نئی پہلوں کا اعلان کیا ہے ۔ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری درجے تک بڑھاکر 2030 کیلئے ایک روڈ میپ جاری کیا ، جس کے تحت اہم شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھایا جائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی اور نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر کے درمیان جمعہ کی دیر رات آکلینڈ میں ہوئی دوطرفہ بات چیت کے دوران یہ فیصلے کیے گئے ۔ وزارت خارجہ نے ہفتہ کو بتایا کہ دونوں ممالک نے آزاد تجارتی معاہدہ کے تناظر میں 2030 تک دوطرفہ تجارت کو بڑھا کر 35000 کروڑ روپے کرنے کا ہدف مقرر کیا اور تعاون، ہم آہنگی اور اطلاعات کے تبادلے کو مضبوط کرنے سمندری سکیورٹی مذاکرات قائم کرنے پر اتفاق ظاہر کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دستخط شدہ معاہدوں میں سمندری تعاون، ہائیڈروگرافی، لاجسٹک سپورٹ، دہشت گردی کے خلاف تعاون، آفات کے بندوبت، مویشی پروری اور ڈیری، سیاحت، کھیل، سمندری ورثہ اور ثقافتی تعاون جیسے شعبے شامل ہیں۔نئی پہلوں کے تحت نیوزی لینڈ غیر قانونی، بے قاعدہ اور بغیر اطلاع والی ماہی گیری کی سرگرمیوں سے نمٹنے ہند-بحرالکاہل سمندر پہل کے سمندری سکیورٹی ستون میں شامل ہوا اور پائیدار توانائی کی منتقلی کو فروغ دینے عالمی بائیو فیول الائنس میں بھی شامل ہو گیا۔ دونوں ممالک نے زرعی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیوی فروٹ ایکشن پلان شروع کرنے و ناگالینڈ اور اتراکھنڈ میں کیوی فروٹ کیلئے دو ایکسی لینس سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ ہندوستان کے نیشنل سینٹر فار پولر اینڈ اوشین ریسرچ اور نیوزی لینڈ کی کینٹربری یونیورسٹی کے درمیان انٹارکٹک ریسرچ میں تعاون کا اعلان کیا گیا۔کنڈلی میں واقع نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ ٹیکنالوجی انٹرپرینیورشپ اینڈ مینجمنٹ اور نیوزی لینڈ کی میسی یونیورسٹی کے درمیان تحقیق، تعلیمی تبادلے اور طلبہ کی نقل و حرکت کیلئے تعاون کے فریم ورک کا اعلان کیا گیا۔