حیدرآباد ۔ 14۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے نلگنڈہ ضلع کے شالی گورارم منڈل میں سرکاری اسکول میں تعمیر کئے جانے والے شہیدان تلنگانہ کی یادگار کے تعمیری کاموں میں شخصی طور پر حصہ لیا۔ انہوں نے ایک مزدور کی طرح کام کرتے ہوئے سمنٹ اور دیگر تعمیری اشیاء کو منتقل کرنے کا کام کیا۔ 1947 میں آزادی کے بعد شالی گورارم منڈل میں ہندوستانی پرچم لہرانے پر طلبہ کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ رضاکاروں کی جانب سے یہ کارروائی کی گئی تھی۔ شہید طلبہ کی یادگار تعمیر کی جارہی ہے جس میں ہنمنت راؤ نے شخصی طور پر حصہ لیا۔ ہنمنت راؤ گزشتہ تین برسوں سے ہر سال اسکول پہنچ کر شہیدوں کو خراج پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے شہیدوں کی یادگار کی تعمیر میں اہم رول ادا کیا ۔ گرام سرپنچ امتیاز، کونسلر اشوک ریڈی اور دوسروں نے اس کام میں مدد کی۔1