ممبئی۔ 5 اکتوبر (آئی اے این ایس) معروف ریپر اور میوزک پروڈیوسر یو یو ہنی سنگھ پیرکے روز مہاراشٹر سائبر سیل کے سامنے پوچھ گچھ کے لیے پیش نہیں ہوئے۔ سائبر سیل نے انہیں ایک متنازعہ بیان کے معاملے میں اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے طلب کیا تھا۔ مہاراشٹر سائبر سیل کے مطابق ہنی سنگھ کو باقاعدہ نوٹس جاری کرتے ہوئے تفتیشی افسرکے سامنے ذاتی طور پر پیش ہونے اور اپنا بیان ریکارڈ کروانے کی ہدایت دی گئی تھی۔ تاہم ہنی سنگھ نے مقررہ تاریخ پر پیش ہونے کے بجائے مزید وقت دینے کی درخواست کی ہے۔ یہ معاملہ دہلی میں منعقدہ ہنی سنگھ کے ایک میوزک کنسرٹ کے دوران کیے گئے مبینہ نازیبا تبصرے سے متعلق ہے۔ الزام ہے کہ کنسرٹ کے دوران ریپر نے نامناسب اور قابل اعتراض ریمارکس کیے تھے۔ اس کے بعد ایک شخص نے ہنی سنگھ کے خلاف مہاراشٹر سائبر سیل میں شکایت درج کرائی، جس کی بنیاد پر معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ رواں سال کے اوائل میں ہنی سنگھ کی ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں مبینہ طور پر لوگوں کو گاڑیوں میں جنسی تعلق قائم کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے سناگیا۔