حیدرآباد 7 اگسٹ (سیاست نیوز) حالانکہ ملک کے کئی بڑے شہروں میں ایرکوالٹی انڈیکس (AQI) تشویش کا باعث بنتے جارہا ہے تاہم حیدرآباد ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سیف زون میں ہے کیوں کہ گزشتہ چند مہینوں میں شہر کے ہوا کے معیار میں قابل لحاظ بہتری ہوئی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ کے ڈیٹا کے مطابق شہر میں ہوا کے معیار میں بہتری ہورہی ہے۔ اس سال کے آغاز سے اپریل تک زیادہ تر مقامات بشمول بولارم، صنعت نگر، بالانگر، اپل، جوبلی ہلز، چارمینار اور عابڈس پر ایک اعتدال کا اے کیو آئی (100 تا 200) تھا جو اس بات کا اشارہ ہے کہ ہوا میں آلودگی اس قدر تھی جو دمہ اور امراض قلب کے مریضوں کے لئے سانس لینے میں مشکل کا سبب تھی لیکن جون اور جولائی کے ڈیٹا کے مطابق اس میں کافی تبدیلی آئی۔ شہر کے تقریباً تمام مقامات پر ہوا کے معیار میں بہتری پیدا ہوئی اور یہ اطمینان بخش ہوگیا۔ اس سال کے آغاز سے جون تک بالانگر میں آلودگی کی سطح 100 سے زائد تھی جو ان علاقوں میں ہوا کے معیار کو ہلکا زہریلا بنانے کا باعث تھی۔ جولائی میں ہوا کے معیار میں بہتری پیدا ہوئی۔