ہڑتال پر جانے سے پہلے انشورنس کمپنی کے ملازمین کی مصالحتی میٹنگ

   

نئی دہلی: پبلک سیکٹر کی جنرل انشورنس کمپنیوں کے ملازمین، جو طویل عرصے سے ایل آئی سی کے مساوی تنخواہ کا مطالبہ کر رہے ہیں، 27 اگست کو اعلیٰ انتظامیہ کے ساتھ ایک مفاہمتی میٹنگ کریں گے اور اگر اس میں کوئی مثبت فیصلہ نہیں کیا گیا تو ملازمین غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کر دیں گے ۔ جنرل انشورنس ایمپلائز آرگنائزیشن کے جنرل سکریٹری ترلوک سنگھ نے یہ جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ انشورنس ملازمین کی تنظیموں کے ایک فیڈریشن جنرل انشورنس ایمپلائز آل انڈیا ایسوسی ایشن نے وزیر خزانہ کو ایک خط لکھا ہے کہ ایل آئی سی کی طرح یکساں پے اسکیل کو یقینی بنایا جائے ۔ پبلک سیکٹر جنرل انشورنس کمپنیوں کے ملازمین کیلئے اگست 2022 میں ایک خط لکھ کر اس طرح کی اپیل کی گئی تھی، لیکن اس پر غور نہیں کیا گیا۔ ملازمین تنخواہ پر نظرثانی میں آجر کی این پی ایس شراکت میں 14 فیصد اضافہ، 30 فیصد تک فیملی پنشن اور ایل آئی سی کے مساوی دیگر مراعات کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن حکومت گزشتہ دو برسوں سے صرف یقین دہانیاں ہی کرا رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹریڈ یونینوں اور تنظیموں کا متحدہ محاذ زیر التوا ان مسائل کو حل کرنے کیلئے حکومت سے مسلسل بات چیت کر رہا ہے اور اب 27 اگست کو یہاں ڈپٹی سی ایل سی کے ساتھ ایک مفاہمتی اجلاس منعقد ہونا ہے جس میں ان مسائل پر غور کیا جائے گا۔