ہیتھرو ایئرپورٹ پر آتشزدگی ، پروازوں میں خلل

   

لندن : برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ نے کہا کہ یہ جمعہ کو تمام دن بند رہے گا کیونکہ قریبی الیکٹریکل سب سٹیشن میں آتش زدگی سے بجلی معطل ہو گئی ہے۔ اس واقعے سے تمام دنیا کے لیے پروازوں کے نظام الاوقات میں خلل پیدا ہو گا۔لندن فائر بریگیڈ نے کہا کہ تقریباً 70 فائر فائٹرز لندن کے مغرب میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہیں جس کے باعث ہیتھرو ایئرپورٹ پر وسیع پیمانے پر بجلی بند ہو گئی۔ یہ یورپ کا مصروف ترین اور دنیا کا پانچواں مصروف ترین ایئرپورٹ ہے۔ فائر بریگیڈ نے کہا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق کئی پروازوں کا رخ پہلے ہی دوسرے ایئرپورٹس کی طرف موڑا جا رہا تھا جن میں قنطاس ایئرویز نے اپنی پرواز پرتھ سے پیرس اور یونائیٹڈ ایئر لائنز نے نیویارک کی پرواز شینن، آئرلینڈ کے لیے روانہ کی تھی۔امریکہ سے آنے والی بعض پروازیں فضا میں ہی واپس موڑ دی گئیں اور وہ اپنے روانگی کے مقام پر واپس جا رہی تھیں۔سان فرانسسکو سے یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز کو لندن کے بجائے واشنگٹن ڈی سی میں اترنا تھا۔ برٹش ایئرویز اور ورجن اٹلانٹک نے بھی پروازوں کا رخ قریبی گیٹ وِک کی طرف موڑ دیا۔ہیتھرو ایئرپورٹ نے ’ایکس‘ پر کہاکہ اپنے مسافروں اور ساتھیوں کی حفاظت کو برقرار رکھنے کیلئے ہیتھرو 21 مارچ کو رات بارہ بجے تک بند رہے گا۔ مسافروں کو ایئرپورٹ کی طرف سفر نہ کرنے کا مشورہ ہے۔کئی گھر اور کاروبار بجلی سے محروم ہو گئے۔