ہیلت یونیورسٹی کے نام کی تبدیلی سے وائی ایس آر کا مقام نہیں بڑھے گا : جونیر این ٹی آر

   


شرمیلا نے بھی جگن حکومت کے فیصلہ کی مخالفت کی
حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) وجئے واڑہ کی این ٹی آر ہیلت یونیورسٹی کے نام کی تبدیلی پر این ٹی آر کے پوترے اور نامور فلم اسٹار جونیر این ٹی آر نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ جونیر این ٹی آر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ این ٹی راما راؤ اور وائی ایس راج شیکھر ریڈی دونوں کا شمار عوامی مقبول قائدین میں ہوتا ہے۔ اس طرح ایک کے نام کو نکال کر دوسرے کے نام کو رکھنے سے وائی ایس آر کے مقام میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا اور نہ ہی این ٹی آر کے مقام کو کم کیا جاسکتا ہے۔ این ٹی آر نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں اور خدمات کا لوہا منوایا ہے۔ تلگو سماج کی تاریخ میں این ٹی راما راؤ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلگو عوام کے دلوں سے این ٹی آر کے نام کو نہیں نکالا جاسکتا۔ اِسی دوران چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی بہن وائی ایس شرمیلا نے بھی حکومت کے اِس فیصلہ کی مذمت کی ہے۔ وائی ایس آر کانگریس تلنگانہ پارٹی کی صدر وائی ایس شرمیلا نے کہاکہ ہیلت یونیورسٹی کے نام کی تبدیلی کا فیصلہ مناسب نہیں ہے۔ اُنھوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے نام سے کوئی اور ادارہ قائم کرے لیکن این ٹی آر کے نام کو ہٹاکر وائی ایس آر کا نام رکھنے کو عوام قبول نہیں کریں گے اور یہ دونوں شخصیتوں کے احترام کے لحاظ سے ٹھیک نہیں ہے۔ ر