ہیلی کاپٹر حادثہ: شہید بریگیڈیر ایل ایس لڈر کی بیٹی دائیں بازو کی تنقیدوں کا نشانہ

,

   

آشنا ملٹری کی بگڑی اولاد، دوسری ’’گرمہر کور‘‘ بننے کی کوشش نہ کرے، پرینکا گاندھی کی قسمت میں صرف جھاڑو لگانا

نئی دہلی : اب جبکہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر حادثہ کو ایک ہفتہ سے زائد گزر چکا ہے اور ان کی استھیاں بھی گنگا میں بہادی گئی ہیں، وہیں دوسری طرف راوت کے ساتھ شہید ہونے والے بریگیڈیر ایل ایس لڈر کی 16 سالہ بیٹی آشنا کو دائیں بازو کی تنقیدوں کا سامنا ہے جہاں ان کے کچھ پرانے ٹوئیٹس کو ڈھونڈ ڈھونڈ کر نکالا جارہا ہے جو انہوں نے ماضی قریب میں وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ پر تنقیدیں کرتے ہوئے کئے تھے ۔ آشنا کو ملٹری کی بگڑی ہوئی اولاد تک کہا جارہا ہے ۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ آشنا کے شہید والد کی چتا جلائے جانے سے قبل ہی ٹوئیٹر پر انہیں نشانہ بنایا جانے لگا جس سے تنگ آکر انہوں نے اپنا ٹوئیٹر اکاؤنٹ ہی بند کردیا۔ جیسا کہ اپوزیشن پارٹیوں سے توقع کی جارہی تھی ، انہوں نے آشنا پر کی گئی تنقیدوں کی مذمت کی لیکن حکمراں جماعت بی جے پی نے اس معاملہ میں مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ آشنا نے یوگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یوگی ایک بغیر دانت والے شیر ہیں جو سوائے غرانے کے اور کچھ نہیں کرسکتا۔ یوگی نے کچھ روز قبل پرینکا گاندھی کی اس تصویر پر تبصرہ کیا تھا جس میں پرینکا کو جس مقام پر حراست میں رکھا گیا تھا ، وہاں کی کوٹھری میں جھاڑو لگاتے ہوئے دکھایا گیا تھا ۔ یوگی نے کہا تھا کہ پرینکا صرف اسی قابل (جھاڑو لگانے) ہیں اور عوام بھی انہیں (پرینکا) اسی لائق سمجھتی ہے۔ آشنا کے پرانے ٹوئیٹس کو وجئے واڑہ کے ایک فوڈ پراسیس انجنیئر اے وی کشیپ نے یہاں وہاں سے ڈھونڈ کر نکالا اور آشنا کو ملٹری کی ایک بگڑی اولاد سے تعبیر کیا ۔ خاص طور پر ایسے ناز نخرے دکھانے والی جس کے والد ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے وطن کی راہ میں شہید ہوگئے ہوں ، آشنا کو ’’گرمہر کور‘‘ سے تعبیر کیا گیا جو 1999 ء میں عسکریت پسندوں کے ہاتھوں شہید ہوجانے والے کیپٹن مندیپ سنگھ کی بیٹی تھی اور 2016 ء میں گرمہر کور نے ایک ویڈیو کال کے ذریعہ ہند و پاک کے درمیان پائیدار امن کے قیام کی سفارش کی تھی ۔ بہرحال اس واقعہ پر کانگریس قائد کارتی چدمبرم اور راجیہ سبھا میں شیوسینا کی قائد پرینکا چترویدی نے آشنا پر تنقید کرنے والوں کی سرزنش کی ہے اور کہا کہ نام نہاد دایاں بازو آشنا کو یہ باور کروانا چاہتا ہے کہ انہوں نے (آشنا) جو کچھ ٹوئیٹس کئے ہیں وہ غلط ہیں۔