یاسمین باشاہ آصف آباد سے جگتیال کلکٹر مقرر

   

سیاسی دباؤ کے تحت تبدیلی کا رکن اسمبلی پر الزام : پروین کمار
حیدرآباد۔یکم؍ فروری، ( سیاست نیوز) شیخ یاسمین باشاہ آئی اے ایس عہدیدار کو ونپرتی سے آصف آباد ضلع کا کلکٹر مقرر کرنے کے احکامات اندرون 24 گھنٹے تبدیل کردیئے گئے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے کل 15 ضلع کلکٹرس کے تبادلوں کے احکامات جاری کئے تھے جس میں شیخ یاسمین باشاہ کو ونپرتی سے تبادلہ کرکے آصف آباد کلکٹر مقرر کیا گیا تھا۔ آج صبح چیف سکریٹری کے احکامات میں شیخ یاسمین باشاہ کو آصف آباد کے بجائے جگتیال کا ضلع کلکٹر مقرر کیا گیا جبکہ بی سنتوش جنہیں منچریال کلکٹر مقرر کیا گیا تھا انہیں آصف آباد کلکٹر کی اضافی ذمہ داری دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آصف آباد کے مقامی بی آر ایس قائدین خاص طور پر عوامی نمائندوں کے اصرار پر یہ تبدیلی کی گئی۔ اسی دوران بی ایس پی کے ریاستی صدر آر ایس پروین کمار نے الزام عائد کیا کہ سرپور کے رکن اسمبلی کونیرو کونپا نے شیخ یاسمین باشاہ کو آصف آباد کلکٹر بننے سے روک دیا ہے۔ کونپا کے دباؤ کے تحت چیف سکریٹری کو احکامات تبدیل کرنے پڑے۔ پروین کمار نے کہا کہ شیخ یاسمین باشاہ ایمانداری و دیانتداری کے ساتھ فرائض انجام دیتی ہیں لہذا انہیں آصف آباد کلکٹر کے طور پر قبول نہیں کیا گیا اور حکومت پر دباؤ ڈال کر احکامات منسوخ کرائے گئے۔ ر