میرٹھ: اتر پردیش کی میرٹھ پولیس نے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے لیڈر یعقوب قریشی کی بیوی اور ان کے دو بیٹوں سمیت 7 افراد کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی کی ہے۔ یعقوب پر الزام ہے کہ ان کی ہاپوڑ روڈ پر واقع گوشت کی فیکٹری کو غیر قانونی طریقہ سے چلایا جا رہا تھا۔ پولیس نے 31 مارچ کو دھاوا کر کے فیکٹری کے اندر سے 5 کروڑ مالیتی 2 ہزار کلو گوشت برآمد کیا تھا۔میرٹھ کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ روہت سنگھ سجوان نے معاملہ میں متعلقہ سرکل آفیسر (سی او) اور کھرکھودا علاقہ کے انسپکٹر انچارج کو ملزمین کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے کاووائی کی ہدایت دی۔رپورٹ کے مطابق اس معاملہ میں بی ایس پی لیڈر یعقوب قریشی، ان کی بیوی سنجیدہ، عمران قریشی، فیروز قریشی، موہت تیاگی، فیضاب اور مجیب پر غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل ہونے کا الزام ہے۔ اس معاملہ میں 17 لوگوں کے خلاف معلاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری کا لائسنس ختم ہونے کے باوجود اسے چلایا جا رہا تھا۔